Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

مرکز میں حکومت بنی تو ’نوٹ‘نہیں’روزگار‘دیں گے: مایاوتی

میرٹھ: (یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) پر نوجوانوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مرکز میں ان کی پارٹی کی حکومت بننے پر بے روزگار نوجوانوں کو نوٹ نہیں بلکہ نوکری دی جائے گی۔محترمہ مایاوتی نے پیر کو یہاں ہاپوڑ روڈ پر اتحاد کی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کی حکومتوں کو اب دوبارہ آزمانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہماری مرکز میں حکومت بنتی ہے تو بے روزگار نوجوانوں کو نوکری دی جائے گی۔ 6ہزار روپئے دینے کے بجائے سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کی حکومت بننے کے بعد خط افلاس سے نیچے زندگی گذارنے والے خاندانوں کو سرکاری اور غیر سرکاری شعبے میں نوکریاں دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی نے ملک کو گمراہ کیا ہے۔ بی جے پی اقتدار میں ملک کی سرحدیں محفوظ نہیں ہیں۔ پلوامہ حملے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی ریلی کرر ہے تھے۔ لوگوں کوگمراہ کرنے کے لئے ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے قبل آدھے ادھورے کاموں کا افتتاح کیا اور بغیر کسی تیاری کے نئے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس سے گمراہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ جو ناانصافیاں اور گھپلے بازی کانگریس حکومت میں ہوئی تھی وہی اب بی جے پی حکومت کررہی ہے۔بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی والے چاہئے کتنا ہی نمو نمو کرتے رہیں لیکن ’’ جے بھیم‘‘ والے ان کی ضمانت ضبط کرا دیں گے۔محترمہ مایاوتی نے کہا کہ اتحاد کو نقصان پہنچانے کے لئے کانگریس نے امیدوار اتارے ہیں۔ دیوبند کی ریلی کے بعد بی جے پی حواس باختہ ہے۔ بی جے پی میعاد کار میں سی بی آئی اور ای ڈی کا غلط استعمال ہوا ہے۔کانگریس اور بی جے پی کے انتخابی منشور کو ہوا ہوائی بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کی حکومتوں نے ملک کی عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے ہیں۔ بی جے پی حکومت نے سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچایا ہے انہوں نے کہا کہ اتحاد کے سلسلے میں مخالف پارٹیاں اور میڈیا غلط خبریں پھیلا رہا ہے۔بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ آج ملک کا کسان پریشان ہے۔ جی ایس ٹی اور نوٹ بندی سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ بی جے پی کا 15 لاکھ دینے کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ اور کانگریس بھی اب لبھاونے وعدے کر کے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی فرقہ واریت، ذات پات کو فروغ دے رہی ہیں۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کی حکومتوں میں زیادتی اپنے عروج پر ہے۔ انہوں نے دلتوں، پچھڑوں کو پرائیویٹ سیکٹر میں ریزرویشن دینے کی وکالت کی۔ مایاوتی نے میرٹھ سے پارٹی امیدوار یعقوب قریشی، بجنور سے ملوک ناگر اور باغپت سے جینت چودھری کو جتانے کی اپیل کی۔