Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

Srinagar: A security person stands guard on a deserted street during a strike called by the joint Hurriyat leadership against the suspension of cross LOC trade, and arrest of JKLF chief Yasin Malik by the NIA, in Srinagar, Tuesday, April 23, 2019. (PTI Photo) (PTI4_23_2019_000105B)

یاسین ملک کے ساتھ این آئی اے کے مبینہ غیر قانونی و ہتک آمیز سلوک کے خلاف کشمیر میں ہڑتال
سری نگر۔ (یو این آئی) جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے محبوس و علیل چیئرمین محمد یاسین ملک کے ساتھ دہلی میں این آئی اے کے مبینہ غیر قانونی اور ہتک آمیز سلوک کے خلاف مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی ایک روزہ ہڑتال کال کے باعث منگل کے روز وادی کشمیر میں معمولات زندگی مفلوج ہوکررہ گئے۔یو این آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر سری نگر کی سیول لائنز کے تمام علاقوں بشمول تجارتی مرکز لالچوک، ریگل چوک، بڈشاہ چوک، مائسمہ، ککربازار، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، جہانگر چوک، بتہ مالو، ڈل گیٹ وغیرہ میں تمام کاروباری ادارے بند، دکان مقفل اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل معطل رہی۔پائین شہر کے تمام علاقوں بشمول زینہ کدل، صفا کدل، نوہٹہ، خانیار، مہاراج گنج، رعناواری وغیرہ میں بھی بازاروں میں دکانات بند، تجارتی سرگرمیاں مفلوج اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ معطل رہنے کے باعث ہو کا عالم چھایا رہا۔حکام نے نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد کے تمام دروازے بند رکھے۔

 

جامع مسجد کے گرد وپیش اور دوسرے ملحقہ علاقوں میں بھاری تعداد میں سیکورٹی فورسز کی نفری کو تعینات کیا گیا تھا تاکہ کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کو روکا جاسکے۔شہر میں تمام حساس جگہوں پر فورسز نے بلٹ پروف گاڑیاں کھڑی کی تھیں۔ادھر وادی کے تمام ضلع صدر مقامات و قصبہ جات میں بھی ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج رہنے کی اطلاعات ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وادی بھر میں منگل کو تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج جزوی طور پر متاثر رہا۔جنوبی کشمیر کے سبھی چار اضلاع میں مکمل ہڑتال رہنے کی اطلاعات ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ چاروں اضلاع کے بازاروں میں دکان بند، تجارتی سرگرمیاں مفلوج اور ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل معطل رہی۔ انہوں نے بتایا کہ حکام نے حساس علاقوں میں سیورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا تھا۔شمالی کشمیر کے سبھی اضلاع میں بھی ہڑتال رہی بازاروں میں دکان بند اور ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل جزوی طور بند رہی۔وسطی کشمیر کے ضلع گاندر بل اور بڈگام میں بھی ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر رہے۔ دکان بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل جزوی طور پر متاثر رہی۔واضح رہے کہ حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں اور جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے قائدین پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے ‘کشمیر بند کی کال دی تھی۔مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا: ‘منگل کو کی جانے والی ایک روزہ احتجاجی ہڑتال لبریشن فرنٹ کے محبوس و علیل چیئرمین محمد یاسین ملک کے ساتھ دہلی میں این آئی اے کے غیر قانونی اور ہتک آمیز سلوک، این آئی اے اور ای ڈی کی جانب سے کشمیری قائدین، ان کے اہل و عیال اور بچوں، سرکردہ کشمیری تاجروں، ٹریڈ یونین قائدین اور زندگی کے دوسرے شعبہ جات سے متعلق افراد کو تنگ طلب کرنے کے خلاف ہے’۔قابل ذکر ہے کہ چند روز قبل لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی ہمشیرہ نے سری نگر کے مائسمہ علاقے میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کو بتایا ‘یاسین ملک جیل میں بہت علیل ہوگئے ہیں، انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، وہ 16 اپریل سے بھوک ہڑتال پر ہیں وہ دوا بھی نہیں لے رہے ہیں اور آج یہ لوگ یہ بتانے پر مجبور ہوئے ہیں کہ وہ علیل ہیں جب کہ آج تک انہوں نے خاموشی اختیارکی۔لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو ریاستی پولیس نے ماہ فروری کی 22 تاریخ کو حراست میں لیکر پولیس تھانہ کوٹھی باغ میں مقید کردیا تھا۔بعد ازاں 7 مارچ کو انہیں پی ایس اے کے تحت کوٹ بلوال جموں منتقل کیا گیا جہاں سے بعد ازاں انہیں 9 اپریل کو تہاڑ جیل دلی منتقل کیا گیا۔بتادیں کہ مرکزی حکومت نے لبریشن فرنٹ پر حال ہی میں پابندی عائد کی۔