Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

رام بن میں ضلع ہسپتال کے سٹور روم میں آگ نمودار، کوئی جانی نقصان نہیں
جموں۔(یو این آئی) جموں کشمیر کے ضلع رام بن میں منگل کے روز ضلع ہسپتال میں اُس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب ہسپتال کے احاطے میں واقع ایک سٹور روم میں اچانک آگ نمودار ہوئی۔یو این آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق رام بن میں منگل کے روز ضلع ہسپتال کے احاطے میں قائم سٹور روم سے آگ نمودار ہوئی جس سے ادویات اور طبی ساز و سامان تباہ ہوا ہے۔سٹور روم میں رکھے گئے چار آکسیجن سلنڈروں کے دھماکے سے ہسپتال کے شیشے چکنا چور ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق فائر سروس عملے اور مقامی لوگوں نے آگ کو فوراً قابو میں پاکر ایک بڑے حادثے کو ٹالا۔انہوں نے کہا کہ آگ کی وجہ سے کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ضلع ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جے پی سنگھ جموال نے کہا ‘آج قریب ساڑھے گیارہ بجے ہم ہسپتال میں ہی تھے تو ہمیں اطلاع ملی کہ شیڈ میں آگ لگ گئی ہے۔ ہم نے سب سے پہلے فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ کو فون کیا۔ آگ کی واردات میں ہمارے ہسپتال کا ٹین شیڈ خاکستر ہوگیا جس میں ہسپتال کا کچھ سامان تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ جے کے پی سی سی کا شیڈ بھی خاکسترا ہوا۔انہوں نے کہا ‘ہماری پہلی ترجیح ہسپتال میں موجود بیماروں کو بچانا تھا۔ ہم نے فوری طور پر سبھی مریضوں کو ہسپتال سے باہر نکال کر محفوظ جگہ پر منتقل کیا۔انہوں نے مزید کہا ‘ہم نقصان کا تخمینہ لگانے اور آگ کی وجوہات کا پتہ لگانے کے کام میں جٹ گئے ہیں۔ آگ ظاہری طور پر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے۔