Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

مولانا رابع حسنی ندویؒ امت اسلامیہ کے نگہبان تھے: مولانا خالد رشید

لکھنؤ۔مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی امت اسلامیہ کے نگہبان تھے۔ عالم اسلام کے ممتاز علمائے کرام میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ وہ ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ناظم تھے۔ وہ مسلمانان ہند کے تمام مسالک کے متحد ونمایندہ ادارے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر تھے۔ وہ ملک و بیرون ملک کے متعدد مذہبی، علمی، تعلیمی ثقافتی اور ادبی تنظیموں واداروں کے سرپرست تھے۔ مولانا مرحوم ایک صاحب نسبت بزرگ تھے۔ تزکیہ وسلوک اور راہ معرفت میں اعلیٰ درجے پر فائز تھے۔

وہ متعدد صفات وکمالات سے آراستہ تھے۔ وہ مبلغ، معلم، مصلح، مصنف اور صحافی تھے۔ انہوں نے دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤمیں ستربرسوں سے زائد مدت درس وتدریس میں گزاری۔ پوری دنیا میں ان کے تربیت یافتہ شاگرد پھیلے ہوئے ہیں۔ان خیالات کااظہار امام عیدگاہ لکھنؤمولانا خالد رشید فرنگی محلی چیرمین اسلامک سنٹرآف انڈیا نے کیا۔ وہ اسلامک سنٹر عیدگاہ لکھنؤمیں ایک نشست سے مخاطب تھے۔ یہ نشست ’’میرکارواں حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندویؒ-حیات وخدما ت ‘‘ کے عنوان پر ہونے والے اجلاس کی تیاری کے سلسلے میں ہوئی تھی۔ یہ اجلاس ۲۸؍ مئی ۲۰۲۳ کو ممتاز پی جی کالج ڈالی گنج لکھنؤمیں شہر کی قدیم ترین تنظیم انجمن اصلاح المسلمین کے زیر اہتما م ہوگا۔ اس کی صدارت مولانا خالد سیف اﷲ رحمانی جنر ل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کریں گے۔ اجلاس میں ملک وملت کے ممتاز علمائے کرام اور دانش ور حضرات شریک ہوں گے۔مولانا فرنگی محلی نے ائمہ مساجد سے اپیل کہ وہ نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں عام مسلمانوں سے اس اجلاس میں زیادہ سے زیادہ شریک ہونے کے لیے آمادہ کریں۔
نشست میں انجمن اصلاح المسلمین کے سکریٹری سید اطہر نبی ایڈوکیٹ نے کہا کہ مولانا رابع حسنی ندویؒ ہمارے عہدے کے جلیل القدرعالم دین تھے۔ مسلمانوں کے لیے ان کی خدمات کا دائرہ بہت وسیع ہے۔ ضرورت ہے کہ عوام اور خصوصاً ہماری نئی نسل مولانا مرحوم کے کارناموں سے اچھی طرح واقف ہو اور ان کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کرے۔ یہ اجلاس اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متعدد علمائے کرام سے رابطہ کیا جارہا ہے کہ وہ اجلاس میں شریک ہوکر مولانا مرحوم کے متعلق اپنے گراں قدر خیالات کااظہار کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے کنوینر مولانا خالد رشید فرنگی محلی منتخب کیے گئے ہیں۔
اس موقع پر انجمن کے انچارج سید بلال نورانی نے جلسے کی تیاری کی تفصیل بتائی۔ انہوں نے مختلف افراد کو ذمہ داریاں تقسیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم اجلاس کے ذریعے ہم مولانا مرحوم کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
اس نشست میںحاجی مشرف حسین، پروفیسر نسیم احمد خاں، ڈاکٹر ذو النورین حیدر علوی، ڈاکٹر سلمان خان ندوی، ڈاکٹر عبدالرحیم ، ڈاکٹر یاسر جمال، محمد غفران نسیم، خالد حلیم، حسن کاظمی اور ڈاکٹر عمار نگرامی شریک ہوئے۔