Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

چندرشیکھرراو حکومت کا زوال شروع، تلنگانہ میں جلد ہی کنول کھلے گا:امت شاہ

حیدرآباد۔(یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تلنگانہ میں چندرشیکھرراو حکومت کا زوال شروع ہوگیا ہے اور جلد ہی ریاست میں کنول کھلے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہی ریاست میں حکمراں جماعت بی آر ایس کی متبادل ہے۔ امیت شاہ نے کھمم ضلع میں زعفرانی جماعت کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں بی جے پی کی حکمرانی سے عوام خوش ہیں۔


انہوں نے واضح کیا کہ اب یا مستقبل میں بی آر ایس کے ساتھ اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس 4جی پارٹی (نہرو، اندراگاندھی، راجیوگاندھی اور راہول گاندھی)، بی آر ایس 2جی پارٹی (کے سی آر اور کے ٹی آر)، مجلس 3جی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ریاست میں مکمل اکثریت کے ساتھ بی جے پی حکومت کو منتخب کریں گے۔ انہوں نے بی جے پی اور وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی ایک دوسرے کو حمایت سے متعلق صدر کانگریس ملیکارجن کھرگے کے دعوے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس عمر میں جھوٹ نہیں بولنا چاہئے۔ بی جے پی کسی بھی پارٹی کے ساتھ نہیں جائے گی۔ بی جے پی ہی چندرشیکھرراو سے مقابلہ کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کار بی آر ایس کا انتخابی نشان ہے۔ کار بھدراچلم میں آئی تو ضرور ہے لیکن وہ بھدراچلم کی مندر میں نہیں جاسکتی کیو ں کہ اس کا اسٹیرنگ مجلس کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گذشتہ 9 برسوں کے دوران چندرشیکھرراو نے نوجوانوں، کسانوں، خواتین اور دلتوں کو دھوکہ دیا ہے۔ ان کی حکمرانی کے دوران زراعت ایک ناکارہ شعبہ بن گیا ہے۔ چندرشیکھرراو کسانوں سے یہ خواہش کررہے ہیں کہ دھان کی پیداوار نہ کریں۔ حکومت کسانوں کو زراعت پر سبسیڈی بھی فراہم نہیں کررہی ہے۔ امیت شاہ نے کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کو انتخابات سے پہلے ایک حربہ قرار دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے تلنگانہ کو ملاوٹی تخم کا مرکز قراردیا اور کہا کہ 9 برسوں میں چندرشیکھرراو حکومت نے فصل پر انشورنس کی اسکیم پر عمل نہیں کیا ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ کروڑہا ایکر اراضی کوسیراب کرنے کے وعدہ کا کیا ہوا؟ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے برسراقتدار آنے تک کسانوں کوفصل پر انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے۔