Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

پر سکون رہنے کے طریقے

یہ تو ماننا ہی پڑے گا کہ انٹرویوز ذہنی دباوکا باعث بنتے ہیں۔ تشویش کی صورت میں جسم ایپین فرائن اور کورٹیسول جیسے ہارمونز کا اخراج کرتا ہے جس کی وجہ سے سوچنا اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا دشوار ہو جاتا ہے۔ انٹرویو سے قبل مختلف طریقوں سے ذہنی دباو کو کم کر کے خود کو پْرسکون رکھا جا سکتا ہے۔
اس طرح سوچ زیادہ فوکس ہو سکتی ہے،اورآپ زیادہ بااعتماد ہو کر جوابات دے سکتے ہیں۔آئیے ،خود کو پْرسکون رکھنے کے پانچ سادہ طریقوں پر نظر ڈالیں۔
۱۔ اپنی آنکھیں بند کیجیے۔اپنے ذہن کو شفاف کرنے کی کوشش کیجیے۔ انٹرویو یا ذہنی دباو کے بارے میں مت سوچئے۔ صرف اس بات پر غور کیجیے کہ آپ جسمانی طور پر کیسا محسوس کر رہے ہیں۔ اپنے ذہن کو جس قدر ممکن ہو، کچھ لمحوں کے لیے بالکل خالی کر دیں۔خاموش جگہ پر ایسا کرنا بہترین رہے گا ، مگر آپ اپنی سانسوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ایسا کہیں بھی کر سکتے ہیں۔ انٹرویو سے کچھ ہی دیر قبل ویٹنگ روم میں بھی اسے کر سکتے ہیں۔
۲۔ دھیرے دھیرے ناک سے سانس لے کر منہ سے خارج کیجیے۔ ایسی سانسوں سے گریز کیجیے جو گہری نہ ہوں۔ صرف اپنے سینے کو ہوا سے نہیں بھرنا۔ آپ کو محسوس ہونا چاہیے کہ آپ کے ناک میں سے ہوا گزر کر پیٹ تک جا رہی ہے۔ سانسوں کو آہستہ اور باقاعدہ کرنے میں کئی منٹ لگ سکتے ہیں۔ اگر آپ کو گہرے سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے تو ایک بار سانس لینے سے قبل ذہن میں پانچ تک گنیں، اور پھر پانچ گن کر سانس کو باہر نکالیں۔ یعنی سانس تقریباً پانچ سیکنڈ تک اندر رہے۔
۳۔ پرسکون ہونے کے لیے پسندیدہ موسیقی سنیں۔ اس دوران غمگین نغموں سے گریز کریں۔ حوصلہ دینے والی تقاریر بھی سن سکتے ہیں۔
۴۔اعتماد بڑھانے کے لیے سینہ تان کرسیدھے کھڑے ہو جائیں۔ اس سے اعتماد کی بحالی میں مدد ملتی ہے۔ آپ اس انداز میں بیٹھ بھی سکتے ہیں جس میں چہرہ اٹھا ہوا ہو اور آپ بااعتماد نظر آ رہے ہوں۔ اس دوران بازووں کو ڈھیلا رکھیں۔ ہاتھوں کو مت باندھیں ،کیونکہ اس سے غلط تاثر قائم ہوتا ہے۔
۵۔ انٹرویو کے لیے مقررہ وقت سے پہلے پہنچیں۔ عین وقت پر یاعجلت میں پہنچنے کی صورت میںذہنی انتشار بڑھے گا،اور آپ تازہ دم دکھائی نہیں دیں گے۔ بہت پہلے جانا بھی اچھا نہیں ،انٹرویو کی عمارت کے نزدیک رہیے ، تاکہ کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

 

 

https://kaumikhabrein.com