Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

نیوزی لینڈ کی مساجد میں حملے پر کرکٹ کی دنیا دنگ

نئی دہلی۔ (یو این آئی ) ہندستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ واقع دو مساجد میں ہوئی فائرنگ کے واقعہ پر گہرا دکھ ظاہر کیا ہے ، اس حادثے میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی محفوظ رہے ہیں جسے لے کر کرکٹ کی دنیا دنگ رہ گئی ہے ۔وراٹ نے اپنے سرکاری ٹویٹر پر اس ایونٹ کو المناک بتایا۔ انہوں نے ساتھ ہی بنگلہ دیش ٹیم کے اس حادثے میں بال بال بچنے پر راحت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے لکھا، یہ خوفناک اور افسوسناک ہے ۔ مجھے ان لوگوں کے لئے دل کی گہرائیوں سے دکھ ہے جو کرائسٹ چرچ حادثے میں متاثر ہوئے ہیں۔ مجھے ٹیم کے تئیں بھی فکر ہے ، آپ محفوظ رہیں۔ کرائسٹ چرچ کی مسجد میں جمعہ کی نماز کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم مسجد النور پہنچنے ہی والی تھی کہ چند منٹ پہلے وہاں فائرنگ شروع ہو گئی۔

 

 

 


ایسے میں بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو بس سے اترنے نہیں دیا گیا اور پھر گراؤنڈ پر لے جانے کے بعد فوری طور پر ہوٹل لے جایا گیا۔ اس حادثے کے بعد بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان سریز منسوخ ہو گئی ہے اور ٹیم جلد ہی وطن لوٹنے کی تیاری میں ہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ ہفتہ سے ھیگلے اوول میں ہونا تھا۔ـ
سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے بھی کرکٹ کی دنیا کے ساتھ مل کر اس حادثے میں مارے گئے لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ کلارک نے ٹوئٹر پر لکھا، کرائسٹ چرچ کا واقعہ ڈراونا۔ یہ افسوسناک ہے ۔ اس حادثے کے متاثرین کے لیے میری دعائیں۔ ـ ہندستانی اسپنر ہربھجن سنگھ نے لکھا، میں اس المناک خبر سے ساکت ہوں۔ ایک اور دہشت گرد حملہ۔ ہم نہ جانے کہاں جا رہے ہیں۔ ان حملہ آوروں کا کوئی مذہب نہیں۔
متاثرین کے لیے میری ہمدردی ۔ ـ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے لکھا، ہم کرائسٹ چرچ میں مارے گئے لوگوں کے رشتہ داروں اور دوستوں کو اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں ۔ یہ ایک المناک واقعہ ہے ۔ ـ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے سرکاری بیان میں کہا، کرائسٹ چرچ میں مارے گئے تمام لوگوں کے اہل خانہ کے تئیں ہماری ہمدردی ہے ۔ ہم نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش بورڈ کے ساتھ مل کر یہ مشترکہ فیصلہ لیا ہے کہ ھیگلے اوول ٹیسٹ کو منسوخ کر دیا جائے ۔ دوبارہ ہم یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ دونوں ٹیمیں اور اسپورٹ اسٹاف مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ ـ آسٹریلوی وزیراعظم نے نیوزی لینڈ میں مساجد پر ہونے والے حملے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ان کی دعائیں متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کے احترام میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ آسٹریلیا تمام مذاہب اور ثقافتوں کا گھر ہے ۔نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں نفرت اور عدم برداشت کی کوئی جگہ نہیں۔ـ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیکینڈا آرڈرن نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دے دیتے ہوئے کہاہے کہ مسجد میں فائرنگ دہشت گردی ہے ۔ـ پاکستان سپرلیگ میں آ ج دوسرے ایلیمنیٹر میں مد مقابل ٹیمیں نیوزی لینڈ کی مساجد میں ہونیوالے دہشت گردی واقعہ پر متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گی۔ذرائع کے مطابق دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ اور پشاور زلمی کی ٹیمیں آج سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اتریں گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سے پہلے ایک منٹ خاموشی بھی اختیارکی جائے گی۔
ـ پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ کرائسٹ چرچ میں انتہائی اندوہناک واقعہ ہوا،میں نے نیوزی لینڈ کو انتہائی پرامن اور محفوظ ملک پایا جہاں کے لوگ پیار کرنے والے ہیں۔تمیم اقبال سے بات ہوئی ہے ،اطمینان ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم اور اسٹاف محفوظ ہے ،دنیا کو مشترکہ طور پر کوشش کرکے نفرت روکنی چاہیے ،دہشت گر دی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،میری دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔