Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

موہن یادو نے مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا

بھوپال۔ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں آج گورنر منگو بھائی پٹیل نے ڈاکٹر موہن یادو کو مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف دلایا۔مسٹر یادو ریاست کے بیسویں وزیر اعلیٰ ہیں۔

اس کے علاوہ گورنر نے مسٹر جگدیش دیوڑا اور مسٹرراجندر شکلا کو نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف دلایا۔مقامی موتی لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک شاندار اور باوقار تقریب میں وزیر اعلیٰ اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ نے عہدوں اور رازداری کا حلف لیا۔ مسٹر مودی کے علاوہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا، دیگر سینئر مرکزی وزراء، بی جے پی کے دیگر سینئر لیڈر اور کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی اس تقریب میں موجود تھے ۔اس تقریب میں ریاستی بی جے پی صدر وشنود ت شرما، سابق وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان ، سابق مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر اور دیگر معززین بھی موجود تھے ۔
تقریب کی نظامت چیف سیکرٹری محترمہ ویرا رانا نے کی۔تقریب حلف برداری کے لیے تیار کیے گئے اسٹیج کے قریب ایک اور عظیم الشان اسٹیج تیار کیا گیا، جس پر مختلف سادھو سنت موجود تھے ۔ سنتوں نے شنکھ ناد بھی کیا۔ مدھیہ پردیش کے سولہویں اسمبلی انتخابات میں حکمران جماعت بی جے پی نے کل 230 میں سے 163 سیٹیں جیت کر اپنی حکومت برقرار رکھی ہے ۔ حال ہی میں، بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں اجین جنوبی اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے ڈاکٹر موہن یادوکو لیڈر منتخب کیا گیاتھا۔