Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

قبائلی رہنما وشنو دیو سائی نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا

رائے پور۔ (یو این آئی) پنچ اور سرپنچ سے سیاست کی شروعات کرنے والے قبائلی لیڈر وشنو دیو سائی نے آج چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا۔ان کے ساتھ دو نائب وزیر اعلی ارون ساو اور وجے شرما نے بھی حلف لیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی بھی موجود تھے ۔

گورنر وشوبھوشن ہری چندن نے راجدھانی کے سائنس کالج میدان میں منعقدہ ایک پروگرام میں مسٹر سائی کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔اس کے بعد گورنر نے دو نائب وزیر اعلیٰ ارون ساو اور وجے شرما کو بھی عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ تمام نے بھگوان کے نام پر ہندی میں حلف لیا۔اس موقع پر وزیر داخلہ امت شاہ، ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، آسام کے وزیر اعلی ہمنتا بسوا سرما، اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی، گوا کے وزیر اعلی پرمود ساونت، مرکزی وزیر مملکت رام داس اٹھاولے ، سبکدوش ہونے والے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل اور سابق نائب وزیر اعلی ٹی ایس سنگھ دیو اور بی جے پی کے قومی نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ، بی جے پی کے ریاستی انچارج اوم ماتھر کے علاوہ پوری ریاست سے بڑی تعداد میں بی جے پی کارکنان اور حامی بھی موجود تھے ۔حلف برداری کی تقریب کے لیے تین بڑے اسٹیج بنائے گئے تھے جن میں درمیان میں حلف برداری کی تقریب ہوئی اور ایک طرف وی آئی پیز کے لیے اسٹیج بنایا گیا اور دوسری جانب نو منتخب اراکین اسمبلی کے لیے اسٹیج بنایا گیا تھا۔ ایل ای ڈی اسکرینیں بھی لگائی گئیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ حلف برداری کی تقریب کو دیکھ سکیں۔مسٹر سائی ریاست کے چوتھے اور بی جے پی کے دوسرے وزیر اعلیٰ ہیں۔نومبر 2000 میں مدھیہ پردیش کو تقسیم کر کے وجود میں آنے والی اس ریاست میں اجیت جوگی، ڈاکٹر رمن سنگھ اور بھوپیش بگھیل اس سے پہلے وزیر اعلی رہ چکے ہیں۔ رمن سنگھ مسلسل تین بار وزیر اعلیٰ رہے ہیں۔بی جے پی نے پہلی بار ریاست میں نائب وزیر اعلیٰ بنائے ہیں۔ ریاست میں ہوئے انتخابات میں 90 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کے 54 ارکان منتخب ہوئے ہیں۔بی جے پی نے ریاست میں چوتھی بار مکمل اکثریت حاصل کی ہے ۔پارٹی نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے کسی کو نامزد کیے بغیر یہ الیکشن لڑا تھا۔ گزشتہ اتوار کو مسٹر سائی کو متفقہ طور پر پارٹی کے مبصرین مرکزی وزراء ارجن منڈا اور سربانند سونووال، پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری دشینت گوتم کے علاوہ پارٹی کے ریاستی انچارج اوم ماتھر، شریک انچارج مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ اور شریک انچارج نتن نبین کی موجودگی میں ہوئی میٹنگ میں متفقہ طورپر قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔