Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

عآپ سے اتحاد پر کانگریس میں اندرونی رسہ کشی

شیلا دکشت اورپی سی چاکو ایک دوسرے کے خلاف ہوئے

نئی دہلی۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی سے اتحاد کو لے کر کانگریس کے اندر رسہ کشی تیز ہو گئی ہے۔ کانگریس کے دہلی کے انچارج پی سی چاکو کا کہنا ہے کہ پارٹی کے زیادہ تر لیڈران اتحاد کے حق میں ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ اتحاد بی جے پی کو دہلی میں شکست دینے میں معاون ہو گا۔نیوز ایجنسی اے این آئی سے بات کرتے ہوئے چاکو نے کہا ’’ جہاں تک میں جانتا ہوں دہلی کے سینئر لیڈران کی رائے ہے کہ بی جے پی کو شکست دینا پارٹی کی پہلی ذمہ داری ہے۔ زیادہ تر لیڈران کا کہنا ہے کہ اس کے لئے ہمیں عآپ سے اتحاد کر لینا چاہئے‘‘۔۔

ورکنگ کمیٹی کے ذریعہ طے کی گئی ہماری پارٹی کی پالیسی بی جے پی کو ہرانے والی پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ دلی کے لیڈران بھی کانگریس کی اس پالیسی کو قبول کریں گے‘‘۔پی سی چاکو کا یہ بیان شیلا دکشت اور ان کے تین ایگزیکٹیو صدور کے ذریعہ راہل گاندھی کو خط لکھنے کے بعد آیا ہے۔ پچھلے ہفتے لکھے خط میں شیلا دکشت اور ان کے تینوں ایگزیکٹیو صدور ہارون یوسف، راجیش للوٹھیا اور دیویندر یادو نے کانگریس صدر راہل گاندھی کو خط لکھ کر کارکنان کا مزاج جاننے کے لئے فون سروے کی مخالفت کی تھی۔ دلی کانگریس کے ایک لیڈر نے کہا ’’ دکشت اور ایگزیکٹیو صدور نے طویل مدت میں پارٹی کو نقصان کی بات کہہ کر کانگریس صدر سے اپیل کی تھی کہ وہ عآپ سے اتحاد نہ کریں‘‘۔کانگریس لیڈر نے بتایا کہ انہوں نے پارٹی کی طرف سے شکتی ایپ کے ذریعہ شروع کئے گئے فون سروے پر ناراضگی ظاہر کی۔ اس سروے میں عآپ سے اتحاد کرنے یا نہ کرنے کو لے کر کانگریس کے 50 ہزار کارکنان کی رائے پوچھی گئی تھی۔چاکو نے اس سے پہلے کہا تھا کہ سروے کی رپورٹ راہل گاندھی کو سونپ دی گئی ہے اور وہ اس پر حتمی فیصلہ لیں گے۔ وہیں، اس مہینہ کے آغاز میں شیلا دکشت نے راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ پارٹی عآپ سے اتحاد نہ کرنے کو لے کر ایک رائے ہے۔