نئی دہلی۔ (یواین آئی) دہلی کیپٹلس اپنے گھریلو فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں جمعرات کو جب مضبوط سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف اتری گی تو اسے گزشتہ مقابلوں میں کی گئیں اپنی غلطیوں سے بچناہو گا۔ حیدرآباد کی ٹیم اب تک تین میں سے دو میچ جیت چکی ہے جبکہ دہلی نے چار میں سے دو میچ گنوا دیئے ہیں۔ دہلی کی کنگز الیون پنجاب کے خلاف موہالی میں اپنے گزشتہ میچ میں شکست کافی مایوس کن رہی تھی۔
دہلی نے جیت کی پوزیشن میں ہونے کے باوجود 17 گیندوں کے وقفے میں صرف آٹھ رنوں کا اضافہ کرکے اپنے آخری سات وکٹ گنوائے دیئے تھے اور اسے 14 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ میچ دہلی نے اپنی غلطیوں کے سبب گنوایا تھا اور اب حیدرآباد کی مضبوط بلے بازی کے خلاف اسے غلطیوں سے اجتناب کرنا ہو گا۔ دہلی نے کوٹلہ میں اپنے گزشتہ میچ میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرز کے خلاف سپر اوور میں کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں دہلی آخری اوور میں جیت کے لئے چھ رن نہیں بنا سکی تھی اور اسکور ٹائی ہو گیا تھا۔ یہ تو بھلا ہو جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز کیگسو ربادا کا، جنہوں نے بہترین سپر اوور ڈال کر کولکتہ کو فتح سے محروم کر دیا تھا۔
موہالی میں ہارنے کے بعد دہلی کے کپتان شریئس ایر کافی مایوس تھے اور انہیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ ٹیم تین وکٹ پر 144 رن کی پوزیشن سے وہ 152 رن پر کیسے ڈھیر ہو گئی۔ ایر نے حیدرآباد کے خلاف میچ کے لئے کہاکہ ‘‘یہ اچھا ہے کہ اس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ، سیشن کی شروعات میں ہو گیا۔ ہمیں اس سے سبق لے کر آگے بڑھنا ہو گا اور ٹیم اپنے میدان میں حیدرآباد کے خلاف غلطیوں کو دہرانے سے بچے گی’’۔یہ مقابلہ دہلی کے اوپنر شکھر دھون کے لئے خاص رہے گا کیونکہ وہ اس سیشن میں اپنی پرانی ٹیم حیدرآباد کو چھوڑ کر دہلی کے لئے کھیل رہے ہیں۔ شکھر نے اس آئی پی ایل میں اب تک اپنے اس فارم کا مظاہرہ نہیں کیا جس کے لئے وہ جانے جاتے ہیں۔ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو اپنی رول کو سمجھنا ہوگا اور مہندر سنگھ دھونی کی طرح آخری اوور تک وکٹ پر ٹکے رہنے کی کوشش کرنی ہوگی تب ہی جاکر وہ ٹیم کو میچ جتا پائیں گے ۔
پنت نے اب تک دو میچوں میں ایسے وقت اپنے وکٹ گنوائے ہیں جبکہ ان میچوں میں وہ خود ہی ٹیم کو جیت کی منزل پر لے جا سکتے تھے ۔حیدرآباد ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور گزشتہ مقابلے میں اس کے جارح اوپنروں جانی بیرسٹو نے 114 اور ڈیوڈ وارنر نے ناٹ آؤٹ 100 رن بنائے تھے جس کی بدولت حیدرآباد نے 231 رن کا بڑا اسکور بنا لیا تھا۔ دہلی کو اگر اس میچ میں چیلنج پیش کرنا ہے تو اس کے گیند بازوں کو خاص طور پر وارنر کو روکنے کی حکمت عملی بنا نی ہوگی جو اب تک تین میچوں میں 85، 69 اور ناٹ آؤٹ 100 سمیت 254 رن بنا چکے ہیں۔حیدرآباد کے پاس افغانستان کے آف اسپنر محمد نبی اور لیگ اسپنر راشد خان کہ صورت میں دو ایسے اسپنر موجود ہیں جو مخالف ٹیم کو پریشان کر سکتے ہیں۔ نبی نے گزشتہ میچ میں بنگلور کے خلاف محض 11 رن پر چار وکٹ لئے تھے ۔دہلی اور حیدرآباد کے درمیان مقابلہ دلچسپ رہے گا اور دہلی کو گزشتہ میچ کی غلطیوں سے سبق لیتے ہوئے اس سے قبل کے مقابلے کے سپر اوور سے ترغیب حاصل کرنی ہو گی۔
المزيد من القصص
پٹنائک کاغذ کی مدد کے بغیر اوڈیشہ کے اضلاع کے نام بتائیں: مودی
کانگریس۔ سپا کا کردار رام اور ملک مخالف کا:یوگی
کانگریس چھوڑنے والے لیڈر کا انکشاف ‘شہزادے ’ کا ارادہ رام مندر پر سپریم کورٹ کےفیصلہ کو بدلنے کا: مودی