Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

بی جے پی کا کوئی بھی ہتھکنڈہ کارگر نہیں ہوگا : مایاوتی

اعظم خان کی حمایت میں اتحاد کی مشترکہ ریلی

رامپور(یواین آئی) اترپردیش کے رامپور پارلیمانی سیٹ سے سماجوادی کے قدآور لیڈر و پارٹی امیدوار اعظم خان کے حمایت میں ووٹروں سے ووٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے بی ایس پی سپریمومایاوتی نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار پارٹی لاکھ ہتھکنڈے اپنائے لیکن رامپور سے اتحا دکے امیدوار اعظم خان کی جیت یقینی ہے۔مسٹر خان کے حمایت میں میں ایس پی۔بی ایس پی کی مشترکہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ مایاوتی نے کہاکہ انتخاب میں اپنی ہار سامنے دیکھ کر بی جے پی کے لیڈر حواس باختہ ہیں اور وہ اتحاد کے امیدوار کو بدنام کرنے کے لئے طرح طرح کے ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں۔ لیکن عوام ان کی سازشوں سے اچھی طرح سے آگاہ ہیں موجودہ انتخابات میں مسٹر خان کو رامپور سے ہرانا ممکن نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت میں کسان، بے روزگا،نوجوان، غریب، پچھڑے، تاجر، دلت سمیت ہر سما ج کے لوگوں کا استحصال کیا گیا ہے۔ جھوٹے وعدے اور جملوں سے عوام کو چھلا گیا ہے۔ اس بار مسٹر مودی کی چوکیداری والا ہتھکنڈہ کام نہیں آنے والا ہے اور بی جے پی حکومت کی وداعی یقینی ہے۔بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ انہوں نے سنا ہے کہ رامپور میں بھی بی جے پی کے چوکیدار گھوم رہے ہیں لیکن اس بار ان کی چوکیداری کام نہیں آنے والی ہے۔ چوکیدار کتنا بھی زور لگا لے لیکن ان کی پارٹی کی ہار یقینی ہے۔ بھیڑ کے جو ش کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ عوام بی جے پی اور آر ایس ایس کو جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ رامپور سے اعظم خان تاریخی جیت درج کریں گے وہیں مرادآباد میں ایس پی امیدوار ایس ٹی حسن اور سنبھل سے شفیق الرحمان برق بھی جیتیں گے۔بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک میں سب سے زیادہ راج کانگریس کارہا ہے۔ اس کے بعد بی جے پی کو بھی اقتدار کرنے کا موقع ملا ہے۔ کانگریس اپنی غلطیوں کی وجہ سے اقتدار سے باہر ہوئی ہے۔ عوام کانگریس اور بی جے پی کے لبھاونے بھرے وعدے سے اپنی جانب مائل کرنا چاہتے ہیں۔ کانگریس نے غریبوں کو لبھانے کے لئے چھ ہزار کروڑ روپئے دینے کی بات کہی ہے ۔ اس سے کچھ نہیں ہوگا۔ غریبوں کو ہم روپئے نہیں بلکہ روزگار دیں گے تاکہ وہ باختیار بن سکیں۔

اس موقع پر ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ کبھی چائے والا تو کبھی چوکیدار بن کر ملک کی عوام کو ورغلانے والے مسٹر مودی کے جھوٹ سے عوام آگاہ ہوچکے ہیں اور اس انتخاب میں انہیں کراری شکست دینے کے لئے بے چین ہیں۔بی جے پی حکومتوں نے سماج کے غریب،استحصال زدہ کسان، اور اقلیتوں کا استحصال کیا ہے۔ نوٹ بندی کے ذریعہ انہیں قطار میں کھڑا کردیا گیا۔ عوام اب انہیں’’ووٹ بندی‘‘ کا راستہ دکھا کر بے دخل کردیں گے۔