Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

بہار میں مختلف سڑک حادثات میں چودہ افراد لقمہ اجل

پٹنہ. ( یو این آئی ) بہار کے مختلف اضلاع میں مختلف سڑک حادثات میں تین بچے سمیت چودہ لوگوں کی موت ہوگئی اور دس سے زائد افراد زخمی ہو گئے ۔بگہا سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مغربی چمپارن ضلع کے رام نگر تھانہ علاقہ کے رام نگر ۔ لوریا اہم شاہراہ پر برگجوا چوک کے نزدیک آج پک اپ وین اور ٹرک کے مابین راست ٹکر میں تین بچے سمیت آٹھ افرادکی موت ہوگئی اور دس دیگر زخمی ہو گئے ۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایاکہ لوریا سے پک اپ وین پر سوار لوگ رام نگر جارہے تھے تبھی برگجوا چوک کے نزدیک ایک تیز رفتار ٹرک نے مسافر گاڑی میں ٹکر مار دی۔ حادثے میں پک اپ وین پر سوار آٹھ افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دس دیگر زخمی ہو گئے ۔ حادثہ کے بعد ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا ۔
مرنے والوں کی شناخت ضلع کے رام نگر تھانہ علاقہ کے یو گیا گاؤں باشندہ نورالہدی کے کنبہ کے اراکین شہاب النساء(45) شکیل علی(25) گلناز خاتون (18) بابو (18) ارباز(11) شبینہ خاتون (07) رگولا خاتون (75) اور مسکان(07) کے طور پر کی گئی ہے ۔ جزوی طور سے زخمی لوگوں کا علاج پرائمری ہیلتھ مرکز رام نگر میں چل رہا ہے جبکہ سنگین طور سے زخمی کو بہتر علاج کے کیلئے بیتیا صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔
بھاگلپور سے موصولہ خبر کے مطابق بھاگلپور اور بانکا ضلع کی سرحد پر واقع بانکا ضلع کے دھن کنڈ تھانہ علاقہ کے ببورا گاؤں کے پاس سنہولا ۔ جگدیش پور شاہراہ پر درمیانی شب ایک ٹرک کی زد میں آنے سے تین افراد کی موت ہوگئی ۔
پولیس ذرائع نے یہاں بتایاکہ موٹر سائیکل پرسوار تین افراد بھاگلپور سے جھارکھنڈ کے گڈا جارہے تھے تبھی ببورا گاؤں کے نزدیک سمت مخالف سے آرہے ٹرک نے ٹکر مار دی ۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار دلیپ داس کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے ۔
مقامی لوگوں کی مدد سے زخمی منوج داس اور جگدیش داس کو بھاگلپور میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں علاج کے دوران آج ان کی موت ہوگئی۔ ادھر مذکورہ شاہراہ پر ٹرکوں کے بے لگام آمد ورفت پر روک لگانے اور مرنے والوں کے اہل خانہ کو مناسب معاوضہ دیئے جانے کے مطالبے کو لیکر گاؤں والوں نے گھنٹوں شاہرام کو جام رکھا ۔ بعد میں مقامی پولیس اور انتظامی افسران نے موقع پر پہنچ کر مشتعل افراد کو سمجھا بجھا کر جام ختم کرایا ۔
بہار شریف سے ملی اطلاع کے مطابق نالندہ ضلع کے سارے تھانہ علاقہ میں سنسکر ت اسکول کے نزدیک آج صبح ٹرک کی زد میں آنے سے ایک خاتون کی موت ہوگئی۔ کیلا گاؤں باشندہ نند کشور پرساد کی اہلیہ وپتی دیوی (48) صبح کی سیر کے لئے جارہی تھی تبھی اسکول کے نزدیک ٹرک کی زد میں آجانے سے اس کی موت ہوگئی ۔ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی گئی ہے ۔
ادھر ضلع کے سلاؤ تھانہ علاقہ کے چنڈی مؤ گاؤں کے نزدیک آج دو موٹر سائیکل کے مابین راست ٹکر میں ایک موٹرسائیکل سوار کی موت ہوگئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے ۔ متوفی کی شناخت ضلع کے پاوا پوری تھانہ علاقہ باشندہ نوین کمار عرف بٹو (32) کے طور پر کی گئی ہے ۔ زخمیوں کو علاج کے لئے پٹنہ بھیجا گیا ہے ۔
وہیں لکھی سرائے ضلع کے چانن تھانہ علاقہ کے ملیاپل کے نزدیک آج پک اپ وین اور موٹرسائیکل کے مابین ٹکر میں میں ایک نوجوان کی موت ہوگئی اور دوسرا زخمی ہو گیا۔موٹر سائیکل پر سوار دوافراد کہیںجارہے تھے تبھی ملیا پل پرپک اپ وین نے موٹر سائیکل میں ٹکر مار دی ۔ اس حادثہ میں موٹرسائیکل پر سوار ایک نوجوان کی موت ہو گئی جبکہ ایک دیگر زخمی ہوگیا ۔ مرنے والے کی شناخت ضلع کے چانن تھانہ کے رام پور گاؤں باشندہ ویرندر سنگھ کے بیٹے گولو کمار (30) کے طور پر کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ بیگو سرائے ضلع کے مفصل تھانہ علاقہ میں جمعہ کو زبردست سڑک حادثے میں سات لوگوں کی موت ہوگئی اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے ۔