Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

ایشیائی کھیلوں میں شامل ہوگی کھو کھو

نئی دہلی۔ (یو این آئی ) ہندوستان کی مٹی سے جڑے سب سے قدیم کھیلوں میں سے ایک کھو کھو اب ایشیائی کھیلوں میں شمار ہونے جا رہا ہے ۔ہندستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے ) کے سیکرٹری جنرل اور ایشیائی کھو کھو فیڈریشن کے صدر راجیو مہتا نے منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کھو کھو کو شروع کئے جانے کے موقع پریہ اعلان کیا ۔

مہتا نے بتایا کہ ایشیائی اولمپک کونسل (او سی اے ) نے کھو کھو کو ایشیائی کھیلوں میں ایک کھیل کے طور پر اپنی منظوری دے دی ہے ۔مہتا نے کہاکہ 2021 میں کھو کھو کو ایشیائی انڈور کھیلوں میں ایک نمائشی کھیل کے طور پر پیش کیا جائے گا اور ہمیں پورا یقین ہے کہ 2022 کے ایشیائی کھیلوں میں اسے ایک کھیل کے طور پر شامل کر لیا جائے گا۔ مہتا کو حال ہی میں ایشیائی کھو کھو فیڈریشن کاصدر منتخب کیا گیا تھا۔ہندستانی کھو کھو فیڈریشن کے سابق صدر رہ چکے مہتا نے کھو کھو فیڈریشن کے موجودہ صدر سدھانشو متل کی موجودگی میں کہاکہ کھو کھوکو ایشیائی کھیلوں میں مارشل آرٹس کھیل کے طور پر شامل کیا جائے گا۔ ہم نے اس بارے میں اگلے ایشیائی کھیلوں کے میزبان چین سے بات چیت کی ہے جس نے اس کے لئے مثبت رخ دکھایا ہے ۔آئی اواے کے سیکرٹری جنرل مہتا نے کہاکہ ہم 2032 میں ہونے والے اولمپک کھیلوں کے لئے اپنی دعویداری پیش کریں گے اور میزبان آرگنائزنگ کمیٹی کو 2-3 اپنے کھیل شامل کرنے کا اختیار ہوتا ہے ۔ ہم ان کھیلوں میں کھو کھو، کبڈی اور یوگا کو نمائشی کھیل کے طور پر شامل کر سکتے ہیں۔مہتا نے بتایا کہ 2028 کے اولمپکس میں کھو کھو کو نمائشی کھیل کے طور پر لایا جا سکتا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ کھو کھو 1936 کے برلن اولمپک میں نمائشی کھیل کے طور پر کھیلا گیا تھا۔ موجودہ وقت میں دنیا کے 20 ممالک کھو کھو کھیلتے ہیں ۔اس دوران مرکزی وزیر کھیل راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کہاکہ ہم اولمپک کھیلوں کو تو فنڈنگ کرتے ہیں اور ساتھ ہی ہم نے ہندستانی مارشل آرٹس کھیل کو بھی فنڈنگ کرنا شروع کر دیا ہے ۔ ہم کھو کھو کو بھی کھیل کی ترجیحی فہرست میں لانے پر غور کریں گے ۔
ہندستان کے سب سے پرانے کھیل میں سے ایک کھو کھو اب ایک نئے اوتار کے طور پر اترنے جا رہا ہے اور اس سال اکتوبر میں آٹھ فرنچائزز لیگ شروع ہونے جا رہی ہے ۔ ہندستانی کھو کھو فیڈریشن کے صدر اور ہندستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی اواے ) کے نائب صدر سدھانشو متل نے منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں پہلی کھو کھو لیگ کا اعلان کیا جسے الٹیمیٹ کھوکھو لیگ کا نام دیا گیا ہے ۔متل نے بتایا کہ الٹیمیٹ کھو کھو لیگ کے پہلے ورژن میں آٹھ ٹیمیں ہوں گی جسے ملک کے اہم علاقوں کی بنیاد پر نام دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے ابتدائی ڈرافٹ میں ہندستان ، انگلینڈ، جنوبی کوریا، ایران، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا کے معروف کھلاڑی آٹھ فرنچائزز ٹیموں میں شامل ہوں گے ۔ ان ٹیموں میں ملک کے انڈر -19 اور انڈر -21 کھلاڑی بھی شامل ہوں گے ۔ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق جدید انڈور اسٹیڈیم میں خصوصی میٹ پر نو منٹ کی چار چار اننگز میں کھو کھو میچ کھیلا جائے گا۔ 21 دن چلنے والی لیگ میں ڈبل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کل 60 میچ ہوں گے ۔ لیگ دو شہروں میں ہوگی اور شہروں کا انتخاب ان علاقوں میں کھو کھو کی مقبولیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔منتظمین کے مطابق مغرب، جنوب اور مشرق سے دو شہروں کا انتخاب کیا جائے گا جہاں یہ لیگ کھیلی جائے گی۔ ہر ٹیم میں 12 کھلاڑی ہوں گے اور ٹیم میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی تعداد بعد میں مقرر کی جائے گی۔