Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

کتاب انسان کیلئے بہترین رفیق:ڈاکٹرسعید الرحمان

مکتبۃالشباب لکھنؤ کی طرف سے ساتویں عربی کتاب میلےکا افتتاح

لکھنؤ۔کتاب کوسفر و حضر کا بہترین رفیق اور انسان معاشرہ کا معلم تسلیم کیا جاتا ہے، اسی سے انسانی ذہن کو غذا اور تازگی میسر ہوتی ہے، کتاب دوستی کو ایک زندہ اور ترقی یافتہ معاشرہ کی علامت تصور کیا جاتا ہے، کتاب کی اسی اہمیت کے پیشِ نظر مکتبۃالشباب لکھنؤ کی طرف سے دار العلوم ندوۃالعلماء لکھنؤ کے معین اللہ ہال میں ساتویں عربی کتاب میلہ کا افتتاح مہتمم دار العلوم حضرت مولانا ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ندوی کے دست مبارک عمل میں آیا ۔

معین اللہ ہال میں واقع علم وادب کا یہ دسترخوان متنوع عناوین کی کتابوں سےسجایا گیا ہے جس میں تفسیر، حدیث، فقہ، نحو و صرف، تاریخ، ادب، عقائد و کلام ،تصوف اور فکر اسلامی کے عناوین پر مشتمل کتابیں علم دوست حضرات کا استقبال کرتی ہیں ۔ساتویں عربی کتاب میلہ میں بیرون ممالک کی نوع بہ نوع اور دیدہ زیب مطبوعات کی نمائش کے ساتھ ساتھ مکتبوں اور طلباء کے لیے ۵۰ فیصدی رعایت پر کتابیں دستیاب ہیں ۔دار العلوم کے معین اللہ ہال میں سجنے والی یہ نمائش ۲۳ اپریل تک جاری رہے گی ۔ملحوظ رہے کہ ساتویں عربی کتاب میلہ کے افتتاح کے موقع پر نائب مہتمم دار العلوم ندوۃالعلماء مولانا عبد العزیز ندوی بھٹکلی، عمید کلیۃ اللغۃ مولانا نذر الحفیظ ندوی کے علاوہ استاذہ و طلبائے دار العلوم ندوۃالعلماء کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔