Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

کانگریس کی دہشت گردی کے تئیں ہمیشہ نرم پالیسی رہی ہے : ٹھاکر

رائے پور۔ (یواین آئی) مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات اور سینئر بی جے پی لیڈر انوراگ ٹھاکر نے اسرائیل پر دہشت گردانہ حملے پر حکومت کے موقف پر سوال اٹھانے کے لیے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کی دہشت گردی کے تئیں ہمیشہ نرم پالیسی رہی ہے ۔

آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے اس سلسلے میں بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر مسٹرٹھاکر نے کہا کہ کچھ لوگوں کی پالیسی ووٹ بینک کے لیے دہشت گردی کی حمایت کی رہی ہے ، لیکن مودی حکومت کا رویہ دہشت گردی کے تئیں سخت ہے اور وہ اس حوالے سے کوئی نرم رویہ اختیار کرنے والی نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ہندوستان دہشت گردی کی حمایت کرنے والوں پر قابو پانے کے لیے دنیا سے گڑگڑاتا تھا جب کہ آج وہ اس معاملے پر کسی ملک کے سامنے جھکنے والا نہیں ہے ۔انہوں نے چھتیس گڑھ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے تابڑ توڑ انتخابی دورے کے پیچھے بی جے پی کی کمزور پوزیشن ماننے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور وزیر اعظم کے لیے ہر الیکشن بہت اہم ہے ، وہ ہر الیکشن میں بھرپور طریقے سے مہم چلاتے ہیں اور کسی بھی الیکشن کو ہلکے میں نہیں لیتے ہیں۔ مسٹر ٹھاکر نے دعویٰ کیا کہ چھتیس گڑھ میں بی جے پی کے لیے حالات سازگار ہیں اور وہ اقتدار میں واپس آ رہی ہے ۔مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ کانگریس حکومت نے 2018 میں چھتیس گڑھ کے عوام سے کئے گئے انتخابی وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ خواتین کو سال میں چار مفت سلنڈر دینے ، شراب بندی جیسے وعدہ پورے نہیں کئے ، اس کے برعکس بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی۔ اس مرتبہ بھی کانگریس نے ریاست کے لوگوں کے لئے بہت ساری گارنٹیوں کا اعلان کیا ہے ، لیکن لوگ ان کی جھوٹی گارنٹیوں کے بہکاوے میں اب نہیں آنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک اور ہماچل پردیش میں بھی کئی گارنٹی دی تھی لیکن 11 مہینوں میں اس نے ان میں سے ایک کو بھی پورا نہیں کیا۔