Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

پارلیمنٹ کی پرانی عمارت آنے والی نسلوں کو تحریک دیتی رہے گی: مودی

وزیر اعظم نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں لوک سبھا کی پرانی عمارت کے75 برسوں کے یاد گار لمحوں کو یاد کیا

نئی دہلی۔ (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روزلوک سبھا میں کہا کہ ہمارے 75 سال کے سفر نے بہت سی جمہوری روایات اور عمل کو بہترین سے بہترین بنایا ہے اور اس ایوان میں رہنے والے ہر فرد نے بھی فعال طور پر اپنا تعاون پیش کیا ہے ۔ ہم بھلے ہی نئی عمارت میں جائیں گے لیکن پرانی عمارت ہمیشہ آنے والی نسلوں کو تحریک دیتی رہے گی۔

مسٹر مودی نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں کہا کہ اس عمارت کی تعمیر کا فیصلہ غیر ملکی حکمرانوں کا تھا، لیکن ہم اسے کبھی فراموش نہیں کر سکتے اور ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ عمارت کی تعمیر میں میرے ہم وطنوں کا پسینہ لگا، محنت میرے ہم وطنوں کی لگی تھی اور پیسے بھی میرے ملک کے لوگوں کے لگے تھے ۔ ہمارے 75 سال کے اس سفر نے بہت ساری جمہوری روایات اور عمل کو بہتر سے بہتر بنایا ہے اور ہر وہ شخص جو اس ایوان میں رہا ہے اس نے فعال کردار ادا کیا ہے اور اس کا مشاہدہ بھی کیا ہے ۔ ہم بھلے ہی نئی عمارت میں جائیں گے لیکن پرانی عمارت ہمیشہ آنے والی نسلوں کے لئے باعث تحریک رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں جانے سے پہلے ملک کی پارلیمنٹ کے 75 سال کے سفر کو یاد کرلیتے ہیں۔ ہم سب اس تاریخی عمارت کو الوداع کہہ رہے ہیں۔ آزادی سے پہلے یہ ایوان امپیریل لیجسلیٹو کونسل کی جگہ ہوا کرتی تھی ۔ آزادی کے بعد اس عمارت کو پارلیمنٹ ہاؤس کی شناخت ملی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہر طرف ہندوستا ن کی کامیابی کا ذکرہو رہا ہے ۔ چندریان 3 کی کامیابی سے پورا ملک خوش ہے ۔ اس کامیابی نے ہندوستان کی طاقت کی ایک نئی شکل کو اجاگر کیا ہے جو ہمارے سائنسدانوں کی صلاحیت سے جڑی ہوئی ہے ۔ جس کا اثر نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا میں نظرآئے گا۔ انہوں نے کہا کہ جی 20 کی کامیابی ملک کے 140 کروڑ شہریوں کی کامیابی ہے ۔ یہ ہندوستان کی کامیابی ہے ، کسی فرد یا پارٹی کی نہیں۔ یہ ہم سب کے لیے جشن کا باعث ہے ۔ یہ سبھی کے لیے فخر کی بات ہے ۔ پچھلے 75 برسوں میں اس ایوان میں آزاد ہندوستان سے متعلق کئی واقعات رونما ہوئے ۔ مسٹرمودی نے کہا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ملک ہمیں اتنی عزت دے گا۔ غریب کا بیٹا بھی ایم پی بنتاہے ، یہ ہندوستان کی جمہوریت کی طاقت ہے ۔ آج دنیا ہندوستان میں اپنے دوست کی تلاش میں ہے ۔ سب کا ساتھ، سب کا وکاس نے ہمیں متحد کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی اس عمارت میں دہشت گردانہ حملہ بھی ہوا۔ یہ پارلیمنٹ پر نہیں بلکہ ہماری روح پر حملہ تھا۔ ملک اسے کبھی نہیں بھول سکتا۔ میں ان لوگوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے ایوان کو گولیوں سے بچایا۔وزیراعظم نے کہا کہ ون نیشن ون ٹیکس کا فیصلہ اسی ایوان نے کیا ہے ۔