Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

عام انتخابات: یو پی میں دوسرے مرحلے کے لئے نوٹیفکیشن جاری، نامزدگی کا عمل شروع

 

لکھنؤ:اترپردیش میں سترہویں لوک سبھا انتخابات کے لئے دوسرے مرحلے کے تحت 9 اضلاع کی آٹھ پارلیمانی سیٹوں کے لئے منگل کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ نامزدگی کا عمل شروع ہوگیا۔ ان سیٹوں پر 18 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
ریاستی الیکشن کمیشن نے منگل کو بتایا کہ صبح 11 بجے نگینہ، امروہہ، بلند شہر، علی گڑھ، ہاتھرس، متھرا، آگرہ اور فتح پور سیکری پارلیمانی حلقوں کے لئے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی دوسرے مرحلے کے لئے پرچہ نامزدگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 26 مارچ ہے۔ کاغذات کی جانچ 27 مارچ کو ہوگی اور 29 مارچ تک نام واپس لئے جاسکیں گے۔دوسرے مرحلے کے تحت اترپردیش میں جن آٹھ سیٹوں پر انتخابات ہوں گے ان پر مجموعی رائے دہندگان کی تعداد 1.40 کروڑ ہے۔ ان میں سے 75.83 لاکھ مرد اور 64.92 لاکھ خاتون ووٹر ہیں۔ ساتھ ہی 878 دیگر جنس کے ووٹر ہیں۔
کمیشن کے مطابق ریاست میں ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں 18 سے 19 سال کے رائے دہندگان کی تعداد 261221 اور 80 سال یا اس سے زیادہ عمر کے رائے دہندگان کی تعداد 250470 ہے۔ لوک سبھا کی ان آٹھ پارلیمانی حلقوں کے لئے 8751 ووٹنگ سنٹر اور 16162 بوتھ بنائے گئے ہیں۔