حیدرآباد۔ (یواین آئی)سر پر تاج اور لال نظر آنے والا ٹماٹر اب صرف دور ہی سے بھلا معلوم ہورہا ہے ۔ کبھی یہ سبزی منڈی کی شان ہوا کرتا تھا۔ پکوان کی لازمی شئے سمجھے جانے والے ٹماٹر کی قیمت میں حالیہ چند دنوں میں ہوئے بتدریج اضافہ سے عام آدمی کا سر چکرانے لگا ہے اور ایک کیلو ٹماٹر کی خریداری نہ صرف اس کے جیب پر بھاری بوجھ بن گئی ہے بلکہ اس کے ماہانہ بجٹ پر بھی اثر انداز ہورہی ہے ۔ بازاروں اور ٹھیلہ بنڈیوں پر کبھی ٹماٹر سجائے جاتے تھے اور خریداروں کا ہجوم ان بنڈیوں اور بازاروں میں ٹماٹر کی خریداری کرتا ہوا دیکھا جاتا تھا۔ ٹماٹر کی فروخت کے لئے انہیں فروخت کرنے والے خریداروں کو آوازیں لگارہے ہیں۔ ٹماٹر کی اضافی قیمت نے تو اب پہلے کے تمام ریکارڈس توڑ دیئے ۔ عوام کا ماننا ہے کہ پیاز’ نمک کے بعد ٹماٹر کی قیمتوں میں آئے بھاری اچھال نے انہیں یہ سوچنے پر مجبور کردیا ہے کہ کھائے تو کھائیں کیا؟ ٹماٹر جس کی قیمت شہر حیدرآباد میں کم تھی اور وہ ہر کسی دسترس میں شامل تھا لیکن یہی ٹماٹر اب لوگوں کو آنسو رلا رہا ہے ۔ اس کی بڑھتی قیمت سے لوگ نہ صرف پریشان ہیں بلکہ یہ کہنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ ہائے رے یہ مہنگائی! ٹماٹر کی قیمتوں میں شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر مقامات پر کافی اضافہ ہوگیا ہے ۔ ٹماٹر کی قیمت میں 3 گنا سے بھی زائد اضافہ ہوگیا ہے ۔
ٹما ٹر کی قیمت اب بڑھ کر 100 تا 110 روپئے فی کیلو ہوگئی ہے ۔ ایسے افراد جو روزانہ اپنے گھر کو 3 تا 4 کیلو میٹر لے جایا کرتے تھے ’ اب صرف آدھا کیلو ٹماٹر پر ہی اکتفا کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ حالانکہ ٹماٹر تقریباً ہر سالن کی لازمی شئے ہے اور اسے باورچی خانہ کی زینت بھی سمجھا جاتا ہے ۔ ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام کی پریشانیوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جن کا ماننا ہے کہ حکومت کو اس خصوص میں فوری مداخلت کرنی چاہئے تاکہ ان کو راحت نصیب ہو۔ ٹماٹر کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہوگیا ہے جو ہمارے دسترس سے باہر ہے ۔ اب ہم اسے زیادہ خرید نہیں رہے ہیں کیونکہ قیمتوں میں حالیہ دنوں میں کافی اضافہ ہوگیا ہے ۔ ایک 50 سالہ خاتون جو تقریباً ہر روز منڈی میر عالم میں سبزیوں کی خریداری کرتی ہے ’ نے یہ بات بتائی۔ اس خاتون کا ماننا ہے کہ اس اضافہ نے گھریلو خواتین کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور گھر کا بجٹ دگنا ہوگیا ہے ۔
اس اضافہ کا اثر دیگر سبزیوں پر بھی پڑا ہے اور گھریلو خواتین کو اب بجٹ بنانے میں دن میں تارے نظر آرہے ہیں۔ ایک تاجر کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کافی اضافہ ہوا ہے جس سے سبزی مارکٹس میں مال بھی کم آرہا ہے کیونکہ زیادہ دنوں تک ٹماٹر کو رکھنے سے اس کے خراب ہونے کا خدشہ ہوتا ہے اور اس کی خریداری کے لئے جو رقم خرچ کی گئی اس کا نکلنا بھی دشوار ہورہا ہے ۔ اسی لئے کم تعداد میں ٹماٹر کو بازار میں لایا جارہا ہے ۔ سبزی مارکٹس کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ناخوشگوار موسم کے سبب حیدرآباد کے علاوہ دیگر مقامات میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ کوتہ پیٹ مارکٹ یارڈ کے افسروں کے مطابق قیمتوں میں کمی کے لئے ایک یا دو ماہ درکار ہوں گے ۔ایک گھریلو خاتون نے کہا کہ وہ ہر روز اوسطا دو کیلو ٹماٹر کی خریداری کرتی تھی تاہم اس کی آسمان کو چھوتی قیمت نے ان کو کم ٹماٹرخریدنے پر مجبور کردیا ہے ۔اس کے بجائے وہ ایسے سالن کی تیاری کر رہی ہے جس میں ٹماٹر کا استعمال نہیں ہوتا یا پھر کم ہوتا ہے ۔
المزيد من القصص
ہم ہندوستان میں سات کروڑ گھر بنا رہے ہیں: مودی
پٹنائک کاغذ کی مدد کے بغیر اوڈیشہ کے اضلاع کے نام بتائیں: مودی
کانگریس۔ سپا کا کردار رام اور ملک مخالف کا:یوگی