Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

تعلیم کے ساتھ اخلاقی اقدار کی تعلیم نہ دینے کی وجہ سے معاشرے میں بگاڑ : ڈاکٹر ثمرہ سلطانہ

نئی دہلی/جے پور، (یو این آئی) انسانی زندگی میں تعلیم و تربیت اور خاص طور پر اقدار کی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے امام ربانی گروپآف اسکول کی چیرپرسن اور عبدالرحیم ایجوکیشنل ٹرسٹ کی وائس چیرپرسن ڈاکٹر ثمرہ سلطانہ نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ اخلاقی اور اقدار کی تعلیم نہ دینے کی وجہ سے معاشرہ میں اس قدر بگاڑ پیدا ہوررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر ہم کچھ گزشتہ دہائیوں کا موازنہ موجودہ دہائی سے کریں تومعاشرے میں تعلیم کے تئیں بیداری آئی ہے لیکن اسی تناسب میں معاشرے سے اقدار اور اخلاق ختم ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم ہمیں صرف چلناسکھاتی ہے جب کہ اقدار اور اخلاق ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ہمیں چلنا کس طرح سے ہے ، لوگوں سے سلوک کس طرح کرنا ہے ، معاشرے کے تئیں ہمارا کیا رویہ ہونا چاہئے اور سماج میں ہماری ذمہ داری کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس لئے ہم اپنے امام ربانی پبلک اسکول میں سب سے زیادہ توجہ تعلیم کے ساتھ اخلاق اور اقدار کی تعلیمات پر مرکوز کی ہے ۔

 

انہوں نے کہاکہ معاشرہ اور خاص طور پر مسلم معاشرہ کی بے راہ روی کی وجوہات میں سے ایک بنیادی وجہ اخلاقی تعلیم کا فقدان ہے ۔ محترمہ ثمرہ سلطانہ نے کہاکہ مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری، میرے والد محترم اور جامعتہ الہدایہ جے پور کے سربراہ مولانا فضل الرحیم مجددی نے 1997 میں جب اس اسکول کی شروعات کی تھی تو صرف 30بچے تھے اب الحمداللہ 3500بچے زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے عصری اور دینی تعلیم پر مبنی جامعتہ الہدایہ کو اونچا مقام تک پہنچایا اور پھر عصری تعلیم پر توجہ دی اور آج امام گروپ آف اسکولس کے تحت متعدد اسکول چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں سول سروس میں نمائندگی میں اضافہ کے لئے کریسنٹ آئی اے ایس اکیڈمی قائم کی، جس سے دو سو سے زائد افسران نکل چکے ہیں۔اسکول کے پرنسپل ڈاکٹر محمد شعیب اور وائس پرنسپل محترمہ فائزہ عرفان کی محنت سے آج اس اسکول کو علاقے کے بہترین اسکولوں میں شمار کیا جاتا ہے ۔ یہ صرف انگلش میڈیم اسکول نہیں ہے بلکہ دینی و اخلاقی تعلیم پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔ ڈاکٹر ثمرہ سلطانہ،ڈاکٹر محمد شعیب اور محترمہ فائزہ عرفان نے مشترکہ طور پر لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشن میں ساتھ دیں اور اپنے نونہالوں کے مستقبل سنوارنے کے لئے اپنے بچوں کو تعلیم کے ساتھ تہذیب پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہاکہ قوم کی ترقی کا دارومدار جدید تعلیم کے ساتھ دینی و اخلاقی تعلیم پر بھی منحصر ہے ۔ ہمیں مہذب اور تعلیم یافتہ قوم کے طور پر اپنی شناخت بنانے کے لئے اخلاق و اقدار پر مبنی تعلیم پر خصوصی توجہ دینی ہی ہوگی۔