حلف کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ سدارمیا کا اعلان
بینگلورو۔سدارمیا نے کانگریس کی جیت کو کرناٹک کے لوگوں کی جیت قرار دیا، انھوں نے کہا کہ عوام کی دعاؤں سے ہی کانگریس برسراقتدار ہوئی ہے۔
کرناٹک کے نئے وزیر اعلیٰ کی شکل میں حلف لینے کے بعد سدارمیا نے ہفتہ کے روز کہا کہ ان کی حکومت لوگوں کی امیدوں کو پورا کرے گی۔ انھوں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’لوگ بدلاؤ چاہتے ہیں۔ میں کابینہ سے منظوری لوں گا اور (انتخابی منشور میں وعدے کے مطابق) سبھی پانچ گارنٹی پر آج حکم جاری کروں گا۔ کرناٹک کے لوگوں کو یہ نئی کانگریس حکومت کی یقین دہانی ہے، میں یہ بھی وعدہ کرتا ہوں کہ کانگریس کے منشور کے سبھی وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔‘‘سدارمیا نے کانگریس کی جیت کو کرناٹک کے لوگوں کی جیت قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’عوام کی دعاؤں سے کانگریس برسراقتدار ہوئی ہے۔ کانگریس نے ریاست میں بھارت جوڑو یاترا سے انتخابی تشہیر کی شروعات کی تھی اور یہ پارٹی کے اقتدار میں آنے کے اہم اسباب میں سے ایک ہے۔ راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، ملکارجن کھڑگے اور دیگر قومی لیڈران نے کرناٹک میں انتخابی تشہیر کی، میں ان سبھی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘‘واضح رہے کہ کرناٹک کے گورنر تھاورچند گہلوت نے کانتیراوا اسٹیڈیم میں ایک تقریب کے دوران سدارمیا کو وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف دلایا۔ سدارمیا نے بھگوان کے نام پر 24ویں وزیر اعلیٰ کی شکل میں حلف برداری کی۔ حلف برداری تقریب میں مختلف پارٹیوں کے کئی قومی لیڈران شامل ہوئے اور اسٹیج پر ہاتھ اٹھا کر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ، محبوبہ مفتی، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو جیسے لیڈران اس حلف برداری تقریب میں شامل رہے۔
المزيد من القصص
ہم ہندوستان میں سات کروڑ گھر بنا رہے ہیں: مودی
پٹنائک کاغذ کی مدد کے بغیر اوڈیشہ کے اضلاع کے نام بتائیں: مودی
کانگریس۔ سپا کا کردار رام اور ملک مخالف کا:یوگی