Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

حیدرآباد کو چیلنج دینے اتریں گے وراٹ کے چیلنجرز
حیدرآباد۔ (یو این آئی ) وراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرز بنگلور کے لئے ایک بار پھر آئی پی ایل میں کچھ بھی اچھا نہیں چل رہا ہے اور ٹیم اتوار کو سنرائزرس حیدرآباد کے خلاف ہونے والے مقابلے میں شکست کا تعطل توڑنے کے ارادے سے اترے گی۔بنگلور کو آئی پی ایل 12 کے افتتاحی میچ میں گزشتہ چمپئن چنئی سپر کنگ کے خلاف محض 70 رن پر آؤٹ ہوکر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بنگلور نے اگرچہ اپنے دوسرے میچ میں ممبئی انڈینز کے خلاف بہتر کارکردگی کی لیکن اسے آخری اوور میں چھ رن کی نزدیکی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اگر اس میچ کی آخری گیند پر نو بال کو امپائر دیکھ لیتے تو شاید میچ کا نتیجہ کچھ اور ہو سکتا تھا۔ وراٹ نے میچ کے بعد امپائرنگ کو لے کر ناراضگی بھی ظاہر کی تھی۔دوسری طرف حیدرآباد کی ٹیم پہلی شکست کے بعد جیت کی پٹری پر واپس آئی ہے اور بال ٹیمپرنگ کے لئے لگی 12 ماہ کے پابندی سے باہر نکلنے کے بعد آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر تو جیسے گیند بازوں پر اپنا غصہ نکالنے میں مصروف ہیں۔ راجستھان رائلس کے خلاف کل ملی جیت میں انہوں نے جارحانہ نصف سنچری لگائی تھی۔راجستھان نے دو وکٹ پر 198 رن کا مضبوط اسکور بنایا تھا لیکن حیدرآباد نے اوپنر ڈیوڈ وارنر کے 69، جانی بیرسٹو کے 45 اور وجے شنکر کے 34 رنز کی بدولت 19 اوور میں ہی کامیابی حاصل کر لی تھی۔ وارنر نے پہلے میچ میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرز کے خلاف شاندار 85 رن بنائے تھے ۔حیدرآباد کی اس وقت سب سے بڑی تشویش بھونیشور کمار کی گیند بازی ہے جو اپنی لے سے کوسوں دور نظر آ رہے ہیں۔ کولکاتا کے خلاف بھی بھونیشور اکھڑے ہوئے تھے جس کا فائدہ اٹھا کر آندرے رسل نے ڈیتھ اووروں میں حیدرآباد سے فتح چھین لی تھی۔وراٹ کو بھی اپنی ٹیم کو جیت کی پٹری پر لانا ہو گا اور اس کے لئے انہیں خود کو بڑی اننگز کھیلنی ہوگی اور پورے 20 اوور تک ٹکے رہنا ھوگا امپائرنگ پر تنقید سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور بنگلور کی ٹیم کو گیند اور بلے سے میچ جتانے والا مظاہرہ کرنا ہوگا۔