Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

یوگی حکومت کے رپورٹ کارڈ میں ترقی کے دعوے کھوکھلے:پرینکا

کانگریس لیڈر نے وندھ واسنی دیوی مندرمیں درشن کیا اور خواجہ اسماعیل چشتی کی درگاہ پرچادرچڑھا ئی

مرزا پور۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری اور شمالی اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی نے اپنی گنگا یاترا کے دوسرے روز یوگی حکومت کے دو برس کے رپپورٹ کارڈ پر سخت تنقید کی۔ پرینکا نے کہا کہ یوگی کے دعووں اور زمینی حقیقت میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ رپورٹ کارڈ میں بی جے پی حکومت کے ترقی کے دعوے بالکل کھوکھلے اور زمینی سچائی کے بر عکس ہیں۔ اور جہاں تک بی جے پی 70برس کی بات کرتی ہے تو اسکی بھی اکسپائری ڈیٹ ہوتی ہے۔ 

مرزا پور روانہ ہونے سے قبل سیتا مڑھی گیسٹ ہائوس کے باہر نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا نے کہا کہ بی جے پی زمین پر آکر دیکھے کہ حقیقی صورت حال کیا ہے۔یہ رپورٹ کارڈ، تشہیر یہ لگتا بہت اچھا ہے لیکن زمین پر کچھ بھی نہیں ہے۔ میں روز لوگوں سے مل رہی ہوں اور روز مجھے یہی معلوم ہو رہا ہے کہ چاہے کسان ہو، نوجوان ہوں، طلبہ ہوں، شکشہ متر ہوں، آنگن باڑی ہوں سب پریشان ہیں۔ انکو کچھ نہیں ملا۔ کہیں کہیں یہ اعلان کیا گیا کہ آپ کو 17ہزار تنخواہ ملے گی مگر کسی کو آج تک کچھ نہیں ملا۔ دو سالوں سے آٹھ ہزار پر چل رہے ہیں۔ گنگا یاترا کے دوسرے روز پرینکا گاندھی مرزا پورپہنچیں، جہاں انہوں نے خواجہ اسماعیل چشتی کی درگاہ پرچادرچڑھا کردعا مانگی۔ ساتھ ہی انہوں نے وندھ واسنی دیوی مندرمیں پوجا بھی کی۔ اس دوران پرینکا گاندھی نے درگاہ خواجہ اسماعیل چشتی پرآئے لوگوں سے بھی ملاقات کی۔
واضح رہے کہ درگاہ خواجہ اسماعیل چشتی پرآنجہانی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی، پرینکا گاندھی کی ماں سونیا گاندھی اوربھائی راہل گاندھی بھی آچکے ہیں۔ قابل ذکرہے کہ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کل سے یوپی میں لوک سبھا انتخابات 2019 کے لئے انتخابی مہم شروع کرتے ہوئے گنگا یاترا پرہیں۔انہوں نے گزشتہ روزاپنی مہم کا آغاز پرینکا گاندھی نے پریاگ راج سے کیا۔ اس کا نام گنگا یاترا دیا گیا ہے۔ پرینکا پریاگ راج سے گنگا میں کشتی یاترا کرتے ہوئے وزیراعظم مودی کے پارلیمانی علاقہ وارانسی جائیں گی۔ پرینکا کی یہ کشتی یاترا تین دنوں پرمحیط ہے، جس میں وہ تقریبا 140 کلومیٹرکی مسافت طے کریں گی۔ اپنی اس یاترا کے ذریعہ پرینکا گاندھی وزیراعظم مودی کو بھی سیدھے طور پرجواب دیں گی۔ ساتھ ہی اس یاترا کے دوران وہ مندر درشن بھی کریں گی۔
اس دوران کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھدوہی کے کانگریس کارکنان شری دھرمشرا کے گھرپہنچ گئیں۔ کانگریس کارکنان نے جوش کے ساتھ ان کو علاقے کی پریشانیوں اورتمام مسائل کی اطلاع دیتے ہوئے انہیں اس سے واقف کرایا۔ مرزا پورمیں پرینکا گاندھی واڈرا کے ماں وندھیہ واسنی مندرمیں پہنچنے سے قبل مندراحاطے میں ماں کے درشن کے لئے لائن میں لگے بھکتوں نے مودی مودی کے نعرے لگائے۔ پرینکا گاندھی نے مہارشی بالمیکی آشرم، سیتا مڑھی میں لوکش جنم استھل پرپہنچ کردرشن کیا۔