Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

یوگی حکومت میں دلت خواتین پرمظالم کی حدیں پار:اکھلیش

لکھنو۔سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ مسٹر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ اتر پردیش میں بی جے پی کی ڈبل انجن والی حکومت ریاست کی خواتین اور لڑکیوں کی زندگیوں کے لیے ایک لعنت بن گئی ہے۔ خواتین اور بچیوں کی عصمت دری کے معاملے میں ملک بھر میں ریاست کو بری طرح بدنام کیا جا رہا ہے۔ پولیس کا رویہ جہاں خواتین کے خلاف غیرمہذب رہتا ہے وہیں یہ ریپ کرنے والوں کو تحفظ دینے کا بھی کام کرتی ہے۔


مسٹر یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں دلت محروم طبقے کی خواتین پر مظالم کی تمام حدیں پار کر دی گئی ہیں۔ اناؤ میں، غنڈوں نے کھیت پر گئی ایک دلت خاتون کا گینگ ریپ کیا۔ پوروا میں گھر میں گھس کر چھیڑ چھاڑ اور مارپیٹ کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پریاگ راج میں نابالغ لڑکی کی عصمت ریزی کے معاملے میں ملزم کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے عصمت دری متاثرہ کو خاموش رکھنے اور بدنامی کا خوف دکھا کر معاملے کو دبانے کی کوشش کی گئی۔ مسٹر اکھلیش یادو نے کہا کہ پرتاپ گڑھ میں اپنی شکایت لے کر پولس اسٹیشن پہنچنے والی خواتین کے ساتھ پولس اہلکاروں نے بدتمیزی کی، انہیں تھانے سے بھگا دیا گیا۔ خواتین کی عزت کی بات کرنے والی بی جے پی حکومت کی یہ چال، کردار اور چہرہ سب کے سامنے آرہا ہے۔ بریلی میں ایک خاتون کو گھر میں یرغمال بنا کر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ بریلی میں ہی ایک لڑکی جو اپنی پھوپھی کے گھر آئی تھی اغوا کر لی گئی۔ کشی نگر میں لڑکی کی عصمت دری کی گئی۔ شاملی میں نویں جماعت کی طالبہ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور قتل کر دیا گیا۔ مسٹر یادو نے کہا کہ جرائم پر زیرو ٹالرنس کے بلند و بانگ دعوے کرنے والے وزیر اعلیٰ کو بتانا چاہئے کہ ان کے خوف سے مجرم ریاست سے بھاگ گئے، تو روزمرہ خواتین کی عزت کو تباہ کرنے والے مجرم کہاں سے آئے؟ سچی بات یہ ہے کہ بی جے پی کے دور حکومت میں مجرم اقتدار کی سرپرستی میں پنپ رہے ہیں۔ حکومت کا ان پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔