نئی دہلی۔ (یو این آئی) قومی راجدھانی میں جمنا کی بڑھتی ہوئی پانی کی سطح نے 45 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور جمعرات کی دوپہر ایک بجے تک 208.62 میٹر تک پہنچ گئی۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمنا کے پانی کی سطح میں اضافہ کے بعد تمام اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ساتھ دہلی کے تمام سرکاری دفاتر کو اتوار تک بند رکھنے کا حکم دیا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کی صدارت میں آج ڈی ڈی ایم اے کی میٹنگ میں جمنا میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کے تعلق سے کئی اہم فیصلے لیے گئے ۔
مسٹر کیجریوال نے فیصلوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جمنا کی آبی سطح ابھی بڑھنے کا امکان ہے ، اس لیے ضروری خدمات کے علاوہ دہلی حکومت کے تمام دفاتر کو اتوار تک بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ تمام ملازمین اتوار تک گھر سے ہی کام کریں گے ۔ پرائیویٹ اداروں کو بھی ایڈوائزری جاری کرکے زیادہ سے زیادہ ورک فرام ہوم کرنے کی اپیل کی جارہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیرآباد، چندروال اور اوکھلا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کو بند کرنا پڑا ہے ۔ جس کی وجہ سے پانی کی پیداوار میں 25 فیصد کمی آئی ہے ۔ دہلی حکومت پانی کی راشننگ کررہی ہے ۔مسٹر کیجریوال نے کہا کہ جمنا کے پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ کی وجہ سے ندی کے ارد گرد کی سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمنا کی آبی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ اب یہ صبح کے 208.46 سے بڑھ کر 1 بجے تک 208.62 میٹر ہو گئی ہے ۔ پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے جمنا کا پانی آس پاس کی سڑکوں پر آ گیاہے ۔ آپ سے گزارش ہے کہ ان راستوں پر نہ جائیں ۔انہوں نے کہا، ‘‘جن آبادی والے علاقوں میں پانی بھرا ہے ، وہاں سے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے ۔ وہاں رہنے والوں سے درخواست ہے کہ لوگ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ لوگوں کی جان بچانا سب سے اہم ہے ۔ دہلی کے تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ اس ہنگامی صورتحال میں ہر ممکن طریقے سے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔جمنا کے پانی کی سطح فی الحال خطرے کے نشان سے تین میٹر اوپر ہے ۔ جس کی وجہ سے مجنوں ٹیلہ، چندگیرام اکھاڑا، کشمیری گیٹ، یمنا بازار، نگم بودھ گھاٹ، گیتا کالونی شمشان گھاٹ، لال قلعہ کے پیچھے کا علاقہ، راج گھاٹ، آئی ٹی او اور میور بہار کے علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے ملازمین مختلف جگہوں پر مٹی سے بھری بوریاں ڈال رہے ہیں تاکہ پانی زیادہ آگے نہ آسکے ۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر کیجریوال نے یمنا میں پانی کی سطح میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے عہدیداروں کے ساتھ کل ہنگامی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے کہا تھا کہ جمنا میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے اور دہلی میں سیلاب کی صورتحال ہے ۔ دہلی میں جمنا کی خطرناک سطح 205.33 میٹر ہے جبکہ اس وقت دہلی میں یمنا کی پانی کی سطح خطرے کے نشان سے تین میٹر اوپر پہنچ گئی ہے ۔ اس سے پہلے 1978 میں جمنا کی زیادہ سے زیادہ پانی کی سطح 207.49 میٹر تک پہنچ گئی تھی، اس وقت دہلی میں سیلاب آیا تھا۔ دہلی کا 45 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور جمنا کی پانی کی سطح اس سے بھی اوپر پہنچ گئی ہے ۔
المزيد من القصص
ہم ہندوستان میں سات کروڑ گھر بنا رہے ہیں: مودی
پٹنائک کاغذ کی مدد کے بغیر اوڈیشہ کے اضلاع کے نام بتائیں: مودی
کانگریس۔ سپا کا کردار رام اور ملک مخالف کا:یوگی