Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

کشمیر: تین مختلف مقامات پر مسلح جھڑپوں میں 5 جنگجو اور ایک 12 سالہ لڑکا ہلاک

سری نگر (یو ا ین آئی) وادی کشمیر میں جمعرات کی دوپہر سے جمعہ کی صبح تک تین مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان چھڑنے والی مسلح جھڑپوں میں اب تک پانچ جنگجو اور ایک 12 سالہ لڑکا ہلاک جبکہ تین سیکورٹی فورسز اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔شمالی کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے کریری اور ضلع بانڈی پورہ کے حاجن میں دو دو جنگجو مارے گئے ہیں۔ جہاں کریری تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز کے تین اہلکار زخمی ہوئے وہیں حاجن مسلح تصادم کی جگہ سے ایک بارہ سالہ لڑکے کی جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے گاڈپورہ میں جاری مسلح تصادم میں اب تک ایک جنگجو کو مارا گیا ہے۔فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا: گاڈپورہ شوپیاں آپریشن۔ ایک جنگجو کو مارا گیا۔ آپریشن جاری ہے۔جموں وکشمیر پولیس نے ضلع بارہمولہ کے کریری میں مارے گئے جنگجوئوں کی شناخت عامر کابو ساکن سوپور بارہمولہ اور پاکستانی رہائشی کے طور پر کی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں جنگجو جیش محمد کے ساتھ وابستہ تھے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق شوپیاں، بانڈی پورہ اور بارہمولہ کے بعض علاقوں میں جنگجوئوں کی ہلاکت کے خلاف مقامی لوگوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں بھڑک اٹھی ہیں۔ انتظامیہ نے احتیاطی طور پر تینوں اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔دریں اثنا ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے بارہمولہ کریری کے آپریشن کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ جنگجو ضلع بارہمولہ کے کلنترا پائین کریری علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔انہوں نے بتایا فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجوئوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں تین سیکورٹی فورسز کے اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم کے دوران دو جنگجو مارے گئے جن کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو جنگجو ہلاک ہوئے۔ سیکورٹی فورسز نے جائے جھڑپ پر 2 جنگجوئوں کی نعشیں برآمد کیں جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا تصادم کی جگہ اسلحہ و گولہ بارود اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔دریں اثنا ریاستی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے گریز کریں۔ پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا عوام سے پُر زور اپیل ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اُسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔ چنانچہ ممکن طور جھڑپ کی جگہ بارودی مواد اگر پھٹنے سے رہ گیا ہو تو اُس کی زد میں آکر کسی کی جان بھی جاسکتی ہے۔ اسی لئے لوگوں سے بار بار اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ کا رخ کرنے سے اجتناب کریں۔ لوگوں سے التجا کی جاتی ہے کہ وہ حفاظتی عملے کو اپنا کام بہ احسن خوبی انجام دینے میں بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آسکیں۔