Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

کسان تنظیموں، کھاپ پنچایتوں نے پہلوانوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا

کسان تنظیموں، کھاپ پنچایتوں نے پہلوانوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا
جند۔ (یو این آئی) دہلی کے جنتر منتر پر کشتی کھلاڑیوں کے دھرنے کی حمایت میں کسانوں کی تنظیموں، کھاپ پنچایتوں نے جمعرات کو یہاں مظاہرہ کیا اور کھٹکر ٹول کو دو گھنٹے تک گاڑیوں کے لیے فری کروایا۔بدھ کی دیر رات جنتر منتر پر پہلوانوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعہ کے خلاف کھیڑا کھاپ کے سربراہ ستبیر برسولا، کسان تنظیموں اور کھاپ پنچایتوں نے کھٹکر ٹول پر جمع ہوکر احتجاج کیا۔ حکومت کے خلاف نعرے لگائے گئے اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

 

اس کے علاوہ گاڑیوں کے لیے ٹول فری کرنے کے فیصلے کے بعد دوپہر 12 بجے سے دوپہر 2 بجے تک گاڑیوں کی نقل و حرکت کے لیے ٹول فری کر دیا گیا۔ کنڈیلا کھاپ کے سربراہ اوم پرکاش کنڈیلا، کھیڑا کھاپ کے سربراہ ستبیر پہلوان نے کہا کہ کشتی فیڈریشن کے صدر برج بھوشن شرن کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے جنتر منتر پر مظاہرہ کر رہے کشتی کھلاڑیوں کے ساتھ کل رات دہلی پولیس نے جو کیا، اسے پورے ملک نے دیکھا۔ ہر کسی کو اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کا حق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ریسلنگ فیڈریشن کے صدر کے خلاف پوسکو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کے بعد بھی ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ، اگر جلد از جلد گرفتاری نہ کی گئی تو کھاپ پنچایتیں کوئی بڑا فیصلہ کرنے میں نہیں ہچکچائیں گے ۔وہیں، اوچنا میں سینکت کسان مورچہ کے سب ڈویژن آفس کے احاطے میں جاری دھرنے پر بھی پہلوانوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعہ پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔ یہاں سے آزاد پلوان کی قیادت میں مشتعل جلوس نکالا گیا اور ریلوے چوک پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، ہریانہ کے وزیر اعلیٰ منوہر لال کھٹر، خاتون کوچ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے ملزم سندیپ سنگھ اور ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن سنگھ شرن کے پتلے جلائے گئے ۔