Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

کانگریس، این سی اور پی ڈی پی کے درمیان گٹھ جوڑ لشکر، جیش اور حزب جیسا اتحاد ہے: رویندر رینہ

جموں۔ (یو این آئی) بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے ان پارٹیوں کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کو جیش محمد، لشکر طیبہ اور حزب المجاہدین جنگجو تنظیموں کے اتحاد سے تعبیر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں کے لیڈران ہندوستان کا کھاتے ہیں لیکن ان کا دل پاکستان کے لئے دھڑکتا ہے۔منگل کے روز یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رویندر رینہ نے کہا ‘کانگریس، نیشنل اور پی ڈی پی کا اتحاد ملک دشمن طاقتوں، دہشت گردوں اور علاحیدگی پسند طاقتوں کا اتحاد ہے، کانگریس کے لیڈروں کے منہ سے ملک کے سپاہیوں کو گالی اور پاکستان کو تالی، کانگریس ملک کی غدار پارٹی ہے اور جموں اور لداخ کے لوگ کانگریس کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔بی جے پی کے باغی لیڈر چوہدری لال سنگھ ، جس نے حال ہی میں تشکیل دی گئی جماعت ‘ڈوگرا سو ابھیان سنگھٹن کے تحت جموں کی دونوں پارلیمانی نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں، کے بارے پوچھے گئے سوالوں کو رویندر رینہ نےیا تو پاکستان کی بات کرکے یا انتخابات جیتنے کی بات کرکے ٹالا جس پر جہاں رویندر رینہ خود بھی لال ہوگئے وہیں صحافیوں کے منہ سے زور دار قہقہے بھی پھوٹے۔پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں واقع پانچ ہزار سالہ قدیم مندر ‘شاردا پیٹھ کھولنے پر پاکستانی حکومت کی نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمرعبداللہ کی طرف سے خوش آئندہ قراردینے کے حوالے سے رینہ نے کہا ‘شارادا پیٹھ پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں واقع ہے، پاکستان زیر قبضہ کشمیر ہندوستان کا حصہ ہے اور پاکستان کے ناجائز قبضے میں ہے، ہم پاکستان زیر قبضہ کشمیر کو واپس حاصل کرکے وہاں عظیم الشان مندر تعمیر کریں گے، پاکستان جموں کشمیر کا قاتل ہے۔نیشنل کانفرنس کے بارہمولہ پارلیمانی نشست کے امیدوار محمد اکبر لون کے حالیہ خطاب جس میں انہوں نے مبینہ طور پر ‘پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا کے حوالے سے انہوں نے کہا ‘ہم الیکشن کمیشن کو لکھیں گے کہ نیشنل کانفرنس پر پابندی عائد کریں اگر نیشنل کانفرنس نے اکبر لون کو پارٹی سے نہیں نکالا تو اس پارٹی پر پابندی لگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا آج جس طرح سے ملک دشمن طاقتیں متحد ہورہی ہیں اور پاکستان کی تعریفیں کرنے والی پارٹیاں کانگریس، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی اتحاد کررہی ہیں اب وقت آگیا ہے کہ ملک کی حمایتی جماعتیں بھی یک جٹ ہوجائیں۔پریس کانفرنس میں جموں کشمیر کے سابق نائب وزیراعلیٰ کویندر گپتا، ایم ایل سی ایس چرن جیت سنگھ خالصہ اور دیگر لیڈراں بھی موجود تھے۔