Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

پریاگ راج میں پرینکا کے استقبال میں لگے دلچسپ پوسٹر

پشتینی مکان سوراج بھون میں کریں گی قیام

لکھنؤ۔ ’ماں گنگا نے بلایا، بیٹی پرینکا چلی آئی‘جیسے کئی پوسٹر ان دنوں پریاگ راج کی دیواروں کی زینت بنے ہوئے جو یہ اعلان کر رہے ہیں کہ کانگریس کی جنرل سکریٹری اور شمالی اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی کے استقبال کے لئے پریاگ راج میں کانگریس کے کارکن اور مقامی شہری کس درجہ تیار ہیں۔پرینکا گاندھی کا آج شب میں پریاگ راج پہنچنے کا پروگرام ہے۔ کانگریسی کارکنوںنے انکے خیر مقدم میں شہر میں جگہ جگہ پوسٹر و بینر لگائے ہیں۔ 

رات میں پرینکا اپنے پشتینی مکان سوراج بھون میں قیام کے بعد کل سنگم پر درشن کریں گی۔ اسکے بعد اسٹیمر اور موٹر بوٹ سے قافلہ کے ہمراہ گنگا ’تہذیب ‘ یاترا کے ذریعے وارانسی کو روانہ ہوں گی۔ پارٹی کارکنوں کی جانب سے شہر میں لگائے گئے پوسٹروں میں ’ماں گنگا نے بلایا، بیٹی پرینکا چلی آئی‘ ، کی بڑی دھوم ہے اور یہ پوسٹر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔پوسٹر وائرل کرنے والے مقامی کانگریسی لیڈر حسیب احمد نے پہلے بھی پریاگ راج کے کمبھ میلے میں ’گنگا کی بیٹی، جیتے گی یو پی‘ کے عنوان سے پوسٹر چسپاںکیا تھا جو سرخیوں میں رہا تھا۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری کل صبح سنگم کے ساحل سے شمالی اتر پردیش میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کریں گی۔ اس دوران وہ گنگا کے ساحل پر آباد گائوں میں لوگوں سے ملاقات کرکے انکے مسائل سنیں گی۔ رات میں مرزا پور میں آرام کرنکے کے بعد وہ اگلنے روز وارانسی کے لئے روانہ ہوں گی۔ اپنے سفر کے دوران وہ چھ پارلیمانی حلقوں کے عوام سے ملاقات کریں گی۔
پرینکا گاندھی کے گنگا یاترا پروگرام کے مطابق پرینکا 18مارچ سے 20مارچ تک شمالی اتر پردیش کے گنگا ندی کے ساحل کے کئی پارلیمانی حلقوں میں تشہیر کریں گی۔ انکا سہ روزہ آبی سفر چار اضلاع سے گذرے گا۔

پرینکا پریاگ راج کے علاوہ بھدوہی، مرزا پور اور وارانسی کے ساححلی علاقوںکی حقیقت سے واقف ہوںگی۔نیز غریب، ملاحوں اور کمزور طبقات کے لوگوں سے راست رابطہ قائم کریں گی۔ اس دوران وہ صرف پارٹی کے لئے ووٹ ہی نہیں مانگیں گی شہریوں کو ووٹنگ کی جانب متوجہ بھی کریں گی۔ لوگوں کو رائے دہی کی اہمیت بھی بتائیں گی۔گنگا کے ساحلی علاقوں میں ووٹنگ کا فیصد کم ہوتا ہے ۔ ایسے میں پرینکا 26گائوں میں ووٹروں سے ووٹ مانگنے کے ساتھ ووٹنگ کے لئے انکی حوصلہ افزائ کریں گی۔

 

http://www.kaumikhabrein.com