Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

ٹی آرایس کو دھکا، تمام تین امیدواروں کوشکست

ایم ایل سی انتخابات کے نتائج ٹی آر ایس پارٹی کے منہ پر طمانچہ:تلنگانہ کانگریس

حیدرآباد ۔(یواین آئی )تلنگانہ کی حکمراں تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کواس وقت ایک بڑا دھکا پہنچا جب 22مارچ کومنعقدہ قانون ساز کونسل انتخابات میں ٹی آر ایس کے حمایت یافتہ تمام تین امیدواروں کوشکست اٹھانی پڑی۔ ایم ایل سی انتخابات کی گنتی کل ہوئی اوریہ سلسلہ رات دیرگئے تک جاری رہا جب کہ نتائج آج صبح کی اولین ساعتوں میں جاری کیے گئے۔ سینئر کانگریس لیڈر وسابق وزیرٹی جیون ریڈی کو کریم نگر۔ عادل آباد۔نظام آباد۔میدک گریجویٹس حلقہ سے کامیاب قراردیا گیا۔ واضح رہے کہ جیون ریڈی نے گزشتہ برس ڈسمبر میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لیاتھا تاہم شکست سے دوچار ہوئے تھے۔ ایک اور کانگریس کے حمایت یافتہ امیدوار کے رگھوتم ریڈی بھی کریم نگر ۔عادل آباد۔ نظام آباد۔ میدک ٹیچرس حلقے سے کامیاب رہے۔ پروگریسیو ریکگنائزڈ ٹیچرس یونین سے تعلق رکھنے والے رگھوتم ریڈی نے ٹی آر ایس کے حامی امیدوار پی سدرشن ریڈی کوہرایا۔

 

ٹی آر ایس کے حمایت یافتہ ایک اورامیدوار وسابق ایم ایل سی پی رویندر کو بھی کانگریس اور سی پی آئی کی حمایت والے امیدوار نرسی ریڈی کے ہاتھوں نلگنڈہ ۔کھمم۔ ورنگل ٹیچرس حلقے سے شکست ہوگئی۔ اگرچہ کونسل کے انتخابات بلاجماعت کی اساس پر منعقد ہوئے تاہم تمام بڑی سیاسی جماعتوں ٹی آر ایس‘کانگریس ‘بی جے پی اور سی پی آئی نے اپنے حامیوں کو بطورامیدوار میدان میں اتاراتھا۔ تلنگانہ کانگریس پارٹی نے آج کہا ہے کہ حالیہ ایم ایل سی انتخابات کے نتائج ٹی آر ایس پارٹی کے منہ پرایک طمانچہ ہے اور جمہوری تلنگانہ کی سمت یہ ایک پہلا قدم ہے۔حیدرآباد میں آج ایک میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے آئی سی سی کے ترجمان ڈی شراون نے کہاکہ ملازمین اور دانشورطبقہ کانگریس کے ساتھ ہے ۔ان کے مطابق ٹی آر ایس ای وی ایم مشینوں کے ذریعہ انتخابات میں جیت حاصل کرتی ہے جبکہ بیالٹ پیپر پر رائے دہی کے ذریعہ اپوزیشن جماعتیں کامیاب ہوتی ہیں۔ سابق رکن اسمبلی ملاریڈی رنگاریڈی نے الزام عائد کیاکہ ٹی آر ایس ‘ ای وی ایم مشینوں میں الٹ پھیر کے ذریعہ انتخابات جیتتی رہی ہے جبکہ انہو ں نے مطالبہ کیاکہ اگر امیدوار مطالبہ کرتے ہیں تب وی وی پیاٹس سلیپس کی بھی گنتی کی جانی چاہیے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائنا ریڈی نے اس موقع پر پارٹی کے ان ارکان اسمبلی سے جو منحرف ہوکرحکمراں جماعت میں شامل ہوچکے ہیں‘ اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی میں دوبارہ لوٹ جائیں۔