Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

وراٹ کی صحیح فیصلوں میں مدد کرتے ہیں دھونی: کمبلے

نئی دہلی۔ (یو این آئی ) سابق ہندوستانی کپتان اور کوچ انل کمبلے نے کہا ہے کہ مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم میں موجودگی موجودہ کپتان وراٹ کوہلی کو میدان پر صحیح فیصلے لینے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے ۔ہندستانی کرکٹ ٹیم کو حال ہی میں آسٹریلیا سے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 2-3 سے شکست کھانی پڑی تھی، جبکہ ٹیم کا اگلا بڑا ہدف 30 مئی سے برطانیہ میں ہونے والا آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ ہے ۔

اگرچہ آسٹریلیا کے ہاتھوں گھریلو سیریز میں شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کی تیاریوں اور وراٹ کے فیصلوں پر سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔ٹیم انڈیا کے چیف کوچ رہ چکے کمبلے نے ایک ویب سائٹ سے کہاکہ وراٹ کو دھونی کی میدان پر موجودگی سے کافی مدد ملتی ہے اور وہ صحیح فیصلے لینے میں معاون رہتے ہیں کیونکہ دھونی کے پاس بے پناہ تجربہ ہے ۔ دھونی، وراٹ کو صحیح فیصلے لینے میں بھی مدد کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں کہوں گا کہ وراٹ دھونی کی موجودگی میں بہت بہتر کپتانی کرتے ہیں۔ وہ یقینی ہی دھونی کے وکٹ کے پیچھے کھڑے رہنے پر آرام دہ محسوس کرتے ہیں۔

دونوں کے درمیان مسلسل بات ہوتی رہتی ہے اور وراٹ اہم فیصلے لے پاتے ہیں۔ دراصل عالمی کپ سے پہلے ہندستان کی آخری ون ڈے سریز آسٹریلیا سے تھی جس میں دھونی آخری دو میچوں سے باہر رہے تھے اور خاص طور پر کیپنگ میں ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی تھی۔سال 2014 میں دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ اور 2017 میں ون ڈے کی کپتانی وراٹ کو سونپ دی تھی اور اس سال وہ اپنا آخری ورلڈ کپ کھیلنے اتر رہے ہیں۔ دھونی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہاکہ دھونی طویل عرصے ٹیم کے کپتان رہے اور ان کے پاس تجربے کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ وہ وکٹ کے پیچھے رہ کر کھیل کو بہتر سمجھتے ہیں۔ وہ گیند بازوں سے مسلسل بات کرتے رہتے ہیں۔ وہ ان کی گیندوں کے بارے میں بتاتے ہیں۔آسٹریلیا سے گھریلو ون ڈے سریز ہارنے پر کمبلے نے کہاکہ وراٹ بڑی حد تک دھونی پر منحصر نظر آتے ہیں۔ دھونی ون ڈے میں صحیح فیلڈ فیصلہ کرنے میں مدد کرتے ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں غلطیاں ہوئیں۔ آخری دو ون ڈے میں فیلڈ کا انتخاب درست نہیں رہا۔