مولانا ارشد مدنی نے 85خاندانوں کو چابیاں سونپیں
مظفر نگر۔ہم سیاست کی بنیادپر نہیں انسانیت کی بنیادپر کام کرتے ہیں جمعیۃعلماء ہند ایک غیر سیاسی خالص مذہبی جماعت ہے مگر یہ صرف مسلمانوں کی ہی نہیں بلکہ ملک میں بسنے والے تمام لوگوں کی خدمت کرنا اپنا فرض عین تصور کرتی ہے ، اور ابتداہی سے اس کانظریہ اور اس کی سوچ یہی رہی ہے۔
یہ باتیں جمعیۃعلماء ہند کے صدرمولانا سید ارشدمدنی نے مظفرنگر کے قریب واقع باغونوالی میں منعقدہ ایک سادہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ یہ تقریب مظفرنگر فساد متاثرین کے لئے منعقد ہوئی تھی جس میں آج جمعیۃعلماء ہند کی بازآبادکاری مہم کے پانچویں مرحلہ میں مولانا مدنی نے 85خاندانوں کو نوتعمیر مکانوں کی چابیاں دیں ۔
مولانا مدنی نے جمعیہ علماء ہند کی فلاحی سرگرمیوں پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اب سے کوئی چارپانچ برس پہلے مغربی بنگال میں انتہائی خوف ناک سمندری طوفان آیا تھا جس کے متاثرین میں ہندوومسلمان دونوں تھے جمعیۃعلماء ہند ان تمام مصیبت زدگان کی مددکیلے وہاں جاپہنچی امدادی کیمپ لگائے گئے ان میں متاثرین کے لئے کھانے پینے کا وسیع پیمانے پر انتظام کیا گیا ان کیمپوں میں ہندوومسلمان دونوں ایک ساتھ بیٹھ کرکھانا کھایا ان میں کوئی مذہبی تفریق نہیں تھی۔
مولانا مدنی نے آسام شہریت کے مسئلہ کا بھی ذکرکیا اورکہا کہ وہاں تقریبا 48لاکھ خواتین کے سروں پر غیر ملکی ہونے کی تلوار لٹکادی گئی تھی ان میں 23لاکھ سے زائد ہندوخواتین شامل تھیں ، ہم نے سوچا اگر کچھ نہ کیا گیا تو صوبائی حکومت مرکزسے مل کر ان خواتین سے حق باشندگی چھین لے گی اور اس صورت میں وہاں ایک بڑا انسانی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے توہم نے سیاسی سطح اس مسئلہ کو حل کرانے کی کوشش کی مگر جب ہم نے ہر طرف سیاسی بے حسی دیکھی تو مجبورا سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ لیا گیا اس سلسلہ میں ملک کے ناموروکلاء کی خدمات حاصل کی گئیں ۔مولانا مدنی نے کہاکہ یہ اللہ کابے پایاں احسان ہے کہ مظفرنگر فسادکے بے گھر متاثرین کو رہنے کے لئے آشیانہ مل گیا اس میں اصحاب خیر کا تعاون شامل ہے ورنہ ہمارے پاس کیا ہے ہم توایک ہاتھ سے لیتے ہیں دوسرے خرچ کردیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جن متاثرین کو ابھی مکان نہیں ملا ہے ان شاء اللہ ان کے لئے بھی رہائش کا انتظام بہت جلد ہوجائے گا۔
المزيد من القصص
ہم ہندوستان میں سات کروڑ گھر بنا رہے ہیں: مودی
پٹنائک کاغذ کی مدد کے بغیر اوڈیشہ کے اضلاع کے نام بتائیں: مودی
کانگریس۔ سپا کا کردار رام اور ملک مخالف کا:یوگی