Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

لوک سبھا انتخابات کےپہلے مرحلے کا آغاز

پارلیمنٹ کی 91نیز آندھرا ،اروناچل اور سکم اسمبلی کی سبھی اوراڈیشہ کی 28سیٹوں کےلئے بھی نوٹیفکیشن جاری

نئی دہلی(یواین آئی)لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت91سیٹوں کےلئے پیر کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی عام انتخابات کا عمل باضابطہ طورپر شروع ہوگیاہے۔اس کے علاوہ آندھرا پردیش ،اروناچل پردیش اور سکم اسمبلی کی سبھی سیٹوں اور اڈیشہ کی 147سیٹوں میں سے 28سیٹوں کےلئے بھی نوٹیفکیشن جاری کردی گئی ہے۔آج سے امیدوار کاغذات نامزدگی داخل کرسکیں گے۔اس بار لوک سبھا کی 543سیٹوں کےلئے سات مرحلوں میں ووٹنگ مکمل ہوگی،جس میں پہلے مرحلے کےلئے 11اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔اس مرحلے میں 20ریاستوں /مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کی 91 سیٹوں کےلئے کاغذات نامزدگی بھرنے کی آخری تاریخ 25مارچ ہے جبکہ ان کی جانچ 26مارچ کو ہوگی اور 28مارچ تک نام واپس لئے جاسکیں گے۔سبھی سات مرحلوں کے لئے ووٹوں کی گنتی 23مئی کوہوگی۔پہلے مرحلے کے تحت آندھرا پردیش کی سبھی 25،اترپردیش کی آٹھ،مہاراشٹر کی سات،آسام اور اتراکھنڈ کی پانچ پانچ،بہار اور اڈیشہ کی چار چار،اروناچل پردیش ،میگھالیہ،مغربی بنگال اور جموں و کشمیر کی دو دو اور چھتیس گڑھ،میزورم ،سکم ،تریپورہ،منی پور،انڈمان نیکوبار جزائراور لداخ کی ایک ایک لوک سبھا سیٹ کےلئے ووٹنگ ہونی ہے۔آندھرا پردیش اسمبلی کی سبھی 175،اروناچل پردیش کی سبھی 60،سکم کی سبھی 32اور اڈیشہ کی 147میں سے 28اسمبلی سیٹوں کےلئے پہلے مرحلے میں 11اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے۔ان کے لئے بھی نوٹیفکیشن جاری کردی گئی ہے اور دیگر الیکشن پروگرام بھی پہلے مرحلے کی لوک سبھا سیٹوں کے مطابق ہی ہوں گے۔انتخابات کا اعلان 10مارچ کوکیا گیا تھا اور فوری طورپر ملک بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔دوسرے مرحلے میں ووٹنگ 18اپریل کو،تیسرے مرحلے میں 23اپریل کو،چوتھے میں 29اپریل کو،پانچویں میں 6مئی کو ،چھٹے میں 12مئی کو اور ساتویں مرحلے میں 19مئی کو ووٹنگ ہونی ہے۔