Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

لالو کی ضمانت کی عرضی پر بدھ کو سماعت

لالو کی ضمانت کی عرضی پر بدھ کو سماعت

نئی دہلی۔ (یو این آئی) سپریم کورٹ کروڑوں روپے کے چارہ گھپلے سے متعلق تین مقدمات میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ اور بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو کی ضمانت کی درخواست پر اگلے بدھ کو سماعت کرے گا۔سینئر وکیل کپل سبل نے چیف جسٹس رنجن گگوئی کی صدارت والی بنچ کے سامنے کیس کی خصوصی طور پروضاحت کرتے فوری سماعت کی درخواست کی۔مسٹر سبل نے کہا کہ اس معاملے میں نوٹس پہلے ہی جاری ہو چکا ہے، لیکن معاملے کو سماعت کے لئے درج فہرست نہیں کیا جا رہا ہے۔

اس معاملے میں سی بی آئی کی جانب سے پیش سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے دلیل دی کہ جانچ ایجنسی کو اس معاملے میں جوابی حلف نامہ دائر کرنا ہے۔اس پر جسٹس گگوئی نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو نو اپریل تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضمانت کی درخواست کی سماعت ایک دن بعد 10 اپریل کو ہوگی۔اس سے قبل جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے لالو پرساد کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی، جس کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔مسٹر سبل نے گزشتہ 16 مارچ کو عدالت سے کہا تھا کہ تین مقدمات میں لالو کو سزا ہوئی ہے۔ سبھی معاملے ایک ہی طرح کے ہیں، لیکن سزا مختلف ہے۔انہوں نے دلیل دی تھی کہ اس معاملے میں مجرم قرار دیئے گئے دیگر لوگوں کو ضمانت مل گئی ہے، ان کے موکل کو بھی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جانا چاہئے۔ان کی دلیلیں سننے کے بعد عدالت نے سی بی آئی سے دو ہفتے میں جواب دینے کو کہا تھا۔لالو پرساد نے خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے ضمانت طلب کی ہے۔ چارہ گھپلے میں سزا کا سامنا کر رہے آرجے ڈی سربراہ دسمبر، 2017 سے رانچی کی برسا منڈا جیل میں بند ہیں۔