Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

صدر جمہوریہ نے ایک سال کی مدت کی تکمیل پر پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا

نئی دہلی۔ (یو این آئی) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے منگل کو ایک سال کی مدت کار پوری ہونے کے موقع پر راشٹرپتی بھون میں مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔محترمہ مرمو نے کہا کہ راشٹرپتی بھون نے ٹیکنالوجی کے ذریعہ پچھلے ایک سال میں زیادہ سے زیادہ لوگوں سے رابطہ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ راشٹرپتی بھون کے اہلکار نظام کو مزید شفاف اور موثر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی اور اختراعات کا استعمال جاری رکھیں گے ۔صدر کے عہدے پر ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر محترمہ مرمو نے راشٹرپتی بھون میں مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔

انہوں نے راشٹرپتی سمپدا میں شیو مندر کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھا۔ راشٹرپتی سمپدا واقع ڈاکٹر راجندر پرساد کیندریہ ودیالیہ کے کھیل میدان میں انہوں نے کرکٹ پویلین کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے انٹیل انڈیا کے تعاون سے راشٹرپتی بھون کے ذریعہ تیار کردہ مصنوعی ذہانت سے لیس گیلری کا افتتاح کیا۔ یہ گیلری طلباء اور مصنوعی ذہانت کے تربیت کاروں کے ذریعہ تیار کردہ وسیع پیمانے پر اختراعات اور دیسی مصنوعی ذہانت کے حل کی نمائش کرتی ہے ۔ایک اور پروگرام میں، صدر نے ٹیکسٹائل کلیکشن – سوتر کلا درپن کا افتتاح کیا۔ یہ گیلری قدیم ٹیکسٹائل کا ایک قابل ذکر مجموعہ دکھاتی ہے ، جو راشٹرپتی بھون کا شاندار ورثہ ہے ۔ راشٹرپتی بھون مخصوص ٹیکسٹائل روایات کا ایک ذخیرہ ہے ، جس میں زردوسی اور سونے کی کڑھائی والے مخمل سے لے کر قالینوں، بستروں اور میز کور کے علاوہ بہترین ململ اور ریشم کے پردے تک شامل ہیں۔صدر نے جن جاتیہ درپن کا بھی افتتاح کیا جو مختلف قبائلی برادریوں کی مشترکہ اور جوڑنے والی ثقافتی خصوصیات کو ظاہرکرنے والی گیلری ہے ۔ یہ ملک کے بھرپور فن، ثقافت اور قوم کی تعمیر میں قبائلی برادریوں کے تعاون کی ایک جھلک پیش کرتا ہے ۔انہوں نے راشٹرپتی بھون کی نئی ویب سائٹ بھی لانچ کی۔ویب سائٹ کے آغاز کے موقع پر اپنے مختصر تبصرے میں، صدر کے سکریٹری نے کہا کہ راشٹرپتی بھون نے گزشتہ ایک سال میں کئی شہری مرکوز اقدامات کیے گئے ہیں۔