Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

ریاستی حکومت مذہبی مقامات کی ترقی کے لیے پابند عہد :گہلوت

جے پور۔ (یو این آئی) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے مذہبی یاترا کوہماری اقدار اور ثقافت کا حصہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے درشن سے عقیدت مندوں کے درمیان ہم آہنگی، تعاون اور خیر سگالی میں اضافہ ہوتا ہے۔مسٹرگہلوت نے اتوار کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے گاندھی نگر ریلوے اسٹیشن سے کٹرا ماں ویشنو دیوی یاترا کے لیے جانے والے ڈوڈو کے عقیدت مندوں سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بھی اسی بنیادی جذبے کے مطابق ورشٹھ ناگرک تیرتھ یاترا یوجنا میں ریاست کے بزرگ شہریوں کو مفت تیرتھ یاترا کرا رہی ہے۔انہوں نے عقیدت مندوں کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بزرگ شہریوں کوتیرتھ مقامات کی یاترا کرانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈڈو کے ایم ایل اے بابولال نگر کی طرف سے اپنے خرچ پر 1200 عقیدتمندوں کو اسپیشل ٹرین سے یاترا کرانا ایک بڑا اور متاثر کن اقدام ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگست 2013 میں ورشٹھ ناگرک تیرتھ یاترا یوجنا کا آغاز کیاگیا تھا۔ اس وقت 41 ہزار 390 یاتریوں کو مختلف مقامات کے درشن کرائے گئے جبکہ سابقہ حکومت کی طرف سے 2013 سے 2018 کے دوران 47 ہزار 742 یاتریوں کوہی تیرتھ یاترا کرائی گئی۔ ہم نے نئے تیرتھ مقام جوڑ کر اسے آگے بڑھایا۔ اب تک 1.25 لاکھ سے زیادہ یاتریوں کو درشن کرایا جاچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کو لے کر ریاست کے بزرگ شہریوں میں بے پناہ جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ ان کے جذبات کے مطابق مالی سال 2023-24 میں 40 ہزاریاتریوں کو یاترا کرانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سیزن کی پہلی ٹرین 14 جون کو جے پور اور کوٹا سے رامیشورم-مدورائی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
مسٹر گہلوت نے کہا کہ ہم نے اس سال کے بجٹ میں اجودھیا، ویدیا ناتھ، ترمبکیشور، ناسک اور سمید شکھر کو فہرست میں شامل کیا ہے۔ کورونا کے دوران ایک لاکھ محروم یاتریوں کو بھی تیرتھ درشن کرائے جائیں گے۔ ریاستی حکومت تیرتھ یاتریوں کی نقل و حرکت، خوراک، رہائش، طبی اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تیرتھ مقامات کی ترقی اور توسیع کے لیے ریاستی حکومت پرعزم ہے۔ جے پور کے شری گووند دیو جی مندر میں 100 کروڑ روپے اور کھاٹوشیام جی مندر میں 32 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک عظیم الشان کوریڈور تعمیر کیا جائے گا۔ گزشتہ ساڑھے چاربرسوں میں 100 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پجاریوں کے اعزازیہ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ریاست کے 593 مندروں میں آرتی اور سجاوٹ کے لیے فی مندر ایک لاکھ روپے دیے گئے ہیں۔ اب دیوستھان محکمہ کی طرف سے ہر ڈویژن میں دیو درشن پدیاترا نکالی جا رہی ہے۔