Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

رمضان میں امن وامان اور نظم ونسق مزید بہتر کیا جائے :مولانا خالد رشید

ماہ مقدس کی تیاریوں کے سلسلے میں عیدگاہ میں میٹنگ کاانعقاد

لکھنؤ۔عیدگاہ لکھنؤ میں ماہِ رمضان المبارک کی تیاریوں کے سلسلے میںضلع انتظامیہ ،عیدگاہ کمیٹی اوراسلامک سنٹر آف انڈیا فرنگی محل کے ذمہ داروںاور ارکان کی ایک اہم میٹنگ مولانا خالد رشید فرنگی محلی امام عیدگاہ لکھنؤ کی صدارت میں ہوئی۔

مولانانے ضلع انتظامیہ کے افسروںکی توجہ اس بات پر دلائی کہ رمضان کے مقدس مہینے میں پورے شہر خصوصاً مسلم اکثریتی علاقوں میں صفائی ستھرائی کا معقول انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ۵؍مئی کو اگر چاند ہوگیا تو تراویح اسی رات سے شروع ہوجائے گی ورنہ۶؍مئی سے ہوگی اور پہلاروزہ ۶؍ یا۷؍مئی کوہوگا۔اس لیے عیدگاہ اور شہر کی تمام مساجد کے ارد گرد صفائی کا جلد از جلد معقول انتظام اور نظم ونسق مزید بہتر کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ خصوصاً افطار،تراویح اور سحری کے وقت بجلی نہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ عیش باغ، بلوچ پورہ ، اکبری گیٹ ، چوک، نخاس، مولوی گنج، گولہ گنج ،امین آباد ، قصائی باڑہ ، مچھلی محال، حسین آباد، ڈالی گنج، کھدرہ ، خرم نگر اور دیگر مسلم اکثریتی علاقوں میں ٹریفک کے نظام کو درست کیا جائے۔ مولانا نے کہا کہ رمضان المبارک ایک مقدس مہینہ ہے۔ تمام مسلمان عبادت میں مصروف رہتے ہیں ۔ رمضان کے فوراً بعد عید الفطر ہوتی ہے۔ انہوںنے ضلع انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ شہر میں خصوصاً پرانے شہر میں کسی کو بھی امن وامان کے ساتھ کھلواڑ نہ کرنے دیا جائے۔ مولانا نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر دھیان نہ دیں اور کسی کے بہکاوے میں بھی نہ آئیں۔ میٹنگ میں اس بات کا بھی مطالبہ کیا گیا کہ سحری کے وقت پانی کی اضافی سپلائی کی جائے جس سے روزہ داروں کو کوئی زحمت نہ ہو۔ بڑی مسجدوںکے پاس پانی کے ٹینکرس کا بھی انتظام کیا جائے جس سے نمازیوں کو وضو میں کوئی دشواری نہ ہو۔
اے ڈی ایم سٹی مغربی سنتوش کمار ویش نے مولانا خالد رشید اور تمام حاضرین کویقین دلایاکہ تمام انتظامات ہر سال سے بہتر کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ رمضان جیسے مبارک مہینے میںشہر کا امن وامان بگاڑنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ ۔میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے ایس پی مغربی وکاس چندر ترپاٹھی نے کہا کہ رمضان کے پیش نظر پولیس محکمہ امن وامان قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن انتظامات کررہا ہے اور کسی کو بھی قانون کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیاجائے گا۔ اس سلسلے میں ہمیں ہمیشہ کی طرح امید ہے کہ امام عیدگاہ لکھنؤ اور عوام کا تعاون پہلے کی طرح ملتا رہے گا۔ میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمشنر ڈاکٹر اندر منی ترپاٹھی نے کہا کہ نگر نگم کی طرف سے اس مبارک مہینے میں صفائی اور دیگر انتظامات میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی اور پرانے لکھنؤ میں ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے گی۔
میٹنگ میں سول ڈیفنس کے چیف وارڈن امرناتھ مشرا نے کہا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی ہماری پوری ٹیم امن وامان برقرار رکھنے میںبھر پور تعاون کرے گی۔ ایس پی ٹرافک روی شنکر ،جنرل منیجر لیسا،جنرل منیجر جل سنستھان، سی او بازار کھالا، سی او چوک، سی او قیصر باغ، سی او عالم باغ، اے سی ایم -۶،سول ڈیفنس اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اس میٹنگ میںعلمائے کرام ،عمائدین شہر اور متعدد تنظیموں کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔