Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

دینی تعلیم کا حصول عظیم سعادت: مولانا تقی الدین

مولانا نے دارالعلوم فرنگی محل کے طلبہ کوقیمتی نصیحتوں سے نوازا

لکھنؤ۔معروف علمی شخصیت، جامعۃ العین ابوظبی کے پروفیسر حدیث مولانا ڈاکٹرتقی الدین ندوی مظاہری معتمد تعلیم ندوۃ العلماء لکھنؤ کی دارالعلوم نظامیہ فرنگی محل لکھنؤ آمد پر ایک جلسہ ہوا جس میںانہوں نے طلبائے دارالعلوم کونہایت قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔مولانا نے علمائے فرنگی محل کی دینی وعلمی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے طلبہ کوان کے نقش قدم پر چلنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بحرالعلوم علامہ عبدالعلی فرنگی محلی اورفخرالمتاخرین علامہ عبدالحیی فرنگی محلی کی شاہ کار کتابوں ’’رسائل الارکان‘‘ ’’ظفرالامانی‘‘کا خصوصی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ عبدالحیی نے ۱۲۰کتابیں تحریر کیں۔ ان کی کتابوں پر عالم عرب میں تحقیقی کام ہورہا ہے۔


مولانا ندوی نے طلبہ کوزیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ آج طالب علمی کے دورمیں حصول علم کے لیے جتنی زیادہ محنت کرلوگے کل وہی کام آئے گی۔ کسی کو کیا معلوم کہ کس طالب علم میںکون سا جوہر پوشیدہ ہے۔ جب صلاحیت نکھرے گی تب دنیا دیکھے گی۔انہوں نے کہا کہ دینی تعلیم کاحصول بہت بڑی سعادت ہے جو توفیق الٰہی سے ممکن ہوتی ہے۔ اس لیے طلبہ کودینی تعلیم حاصل کرنے کے لیے اپنی نیت کودرست کرنا چاہیے۔ اپنے اندراخلاص پیدا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ علم نورالٰہی ہے۔ طلبہ کواس نورکی بہت حفاظت اورقدر کرنا چاہیے۔
اس سے قبل ناظم دارالعلوم نظامیہ فرنگی محل مولانا خالدرشید فرنگی محل امام عیدگاہ لکھنؤ نے مولاناتقی الدین ندوی کا پرتپاک استقبال کیا۔ علمائے فرنگی محل خصوصاً علامہ عبدالحیی فرنگی محلی کی کتابوں اوران کی علمی خدمات سے مولانا ندوی کے والہانہ تعلق کا تذکرہ کیا۔ محفل کاآغاز قاری قمرالدین استاد دارالعلوم کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اختتام مولانا ندوی کی پرسوزدعا پرہوا۔ مولانا ندوی نے علامہ عبدالحی فرنگی محلی فقہ اکیڈمی کی مطبوعات دیکھ کراپنی مسرت کا اظہار کیا۔اس جلسے میں مولانا صلاح الدین ندوی، اساتذہ دارالعلوم مولانا عتیق الرحمن، مولانا محمدسفیان، مولانا عبداللطیف ، مولانا اظہرالدین، مولانا عبدالمغیث، قاری محمدہارون، قاری محمدشمیم، قاری محمدانس اورحافظ محمداشاد شریف تھے۔