Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

حکومت اور صنعتوں کے درمیان اعتماد کم ہورہاہے :منموہن

نئی دہلی ،15مارچ (یواین آئی)سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نےآج کہاکہ بڑے صنعتی گھرانوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروبار سے متعلق ایجنسیوں کے بارے میں منفی تصور پیداہورہا ہے اور حکومت اور صنعتوں کے درمیان اعتماد کم ہورہاہے ۔
ڈاکٹر سنگھ نے یہاں ایک پروگرام سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں پچھلے کچھ عرصہ سے صنعت کاروں ،صنعتی برادری اور چھوٹے اور بڑے کاروبارسے متعلق ایجنسیوں کے بارے میں منفی تصور پیداہورہاے ۔ایک منفی ماحول بن گیاہے جس میں نہ صرف گھریلو صنعتوں کا اعتماد کم ہوتاہے بلکہ غیر ملکی حکومتوں اور صنعت کاروں کے ذہن میں بھی شبہ پیداہوتاہے۔

 

 

انھوں نے کہاکہ حکومت کو کبھی محصولاتی افسران کو ایماندار صنعت کاروں اور کاروباریوں کو پریشان کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہئے لیکن بدقسمتی سے ملک میں حکومت اور صنعتوں کے درمیان اعتماد کم ہورہاہے ۔انھوں نے تبدیلی کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہاکہ سیاست دانوں کی کسی بھی تبدیلی کے لیے عوام کو اعتماد میں لینا چاہئے ۔لوگ کبھی بھی ایسی تبدیلی کو تسلیم نہیں کرتے جو انکی حالت پر منفی اثر ڈالتی ہو۔

ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ ہندستانی معیشت میں سال 1991میں شروع ہوئی تبدیلی کو بعد کی حکومتوں نے بھی جاری رکھا ہے لیکن یہ لیڈروں پر عوام کے اعتماد کے بغیر ممکن نہیں تھا۔لوگوں کے تعلق سے کوئی تبدیلی اتفاق رائے سے ہی ممکن ہے ۔اس کے لیے حکومتوں کو جمہوریت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔طاقت کے بل پر کوئی بھی تبدیلی ممکن نہیں ہے ۔
کانگریس لیڈر نے کہاکہ سیاست دانوں کو لوگوں کے جذبہ اور امیدوں کو سمجھنا چاہئے اور اسکے لیے محروم طبقہ کے لوگوں کا خیال رکھنا چاہئے ۔کسی بھی تبدیلی کو سماج اسی وقت تسلیم کرتاہے جب یہ غیر جانبداری اور مساوات پر مبنی ہو۔