Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

جے پور میں مسلم نوجوان کی لنچنگ کا واقعہ سخت تکلیف د ہ:فضل الرحیم مجددی

نئی دہلی۔ (یو این آئی) ملک میں بڑھتے ہوئے ماب لنچنگ اور تشدد کے واقعات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری اور جامعتہ الہدایہ جے پور کے سربراہ مولانا فضل الرحیم مجددی نے کہا کہ گزشتہ دنوں جے پور میں مسلم نوجوان کی لنچنگ کا واقعہ سخت تکلیف د ہ ہے اور اس طرح کے واقعات سے ملک کی شبیہ داغدار ہوتی ہے۔


انہوں نے کہا کہ رواداری، سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارہ ملک کی شناخت ہے لیکن گزشتہ کئی برسوں سے نفرت انگیز اور ماب لنچنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے واقعات سے نہ صرف ملک کی بدنامی ہے بلکہ ملک کی شبیبہ بھی داغدار ہوتی ہے اور نفرت کی سیاست نے ملک کو اس مقام پر پہنچا دیا ہے کہ جہاں نفرت ترقی کازینہ بن گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے لوگ ملک کے خیرخواہ قطعی نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے تمام اہل وطن سے ملک میں بھائی چارہ قائم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ تمام محب وطن آگے آئیں اور ملک میں نفرت کے خلاف جنگ میں حصہ لیں۔ مولانا مجددی نے راجستھان حکومت سے اپیل کی کہ اس طرح کے گھناؤنا واقعات کے قصورواروں کے خلاف سخت کاررائی کی جانی چاہئے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کا اعاد ہ نہ ہو۔ ساتھ ہی انہوں نے راجستھان حکومت کے فوراً قدم اٹھانے اور پچاس لاکھ کی مدد اور گھر کے ایک فرد کو نوکری دینے کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس سے متاثرہ خاندان کی تلافی نہیں ہوسکتی لیکن اس خاندان کے زخم پر مرہم ضرور لگے گا۔
انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ملک کے سنجیدہ طبقہ اس طرح کے واقعات کے خلاف آواز اٹھائیں اور یہ طے کریں کہ مٹھی بھر لوگوں کو اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔مولانا مجددی نے مزید کہا کہ ملک کے قانون کو اس ضمن میں بلاامتیاز اپنا کام کرنا چاہئے اور قصورواروں کے ساتھ کسی طرح کوئی بھی رعایت نہیں برتی جانی چاہئے۔
اگر انصاف کا بول بالا ہوگا تو اس طرح کے عناصر کو اپنی من مانی کرنے کا کوئی موقع نہیں ملے گا۔