Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

جی7 ممالک کے ساتھ عالمی چیلنجوں پر بات چیت کے منتظر : مودی

وزیر اعظم کا ہیرو شیما میں منعقد ہونے والی جی-7 سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے روانہ ہونے سے قبل اظہارخیال

نئی دہلی۔ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو جاپان، پاپوا نیو گنی اور آسٹریلیا کے دورے پر روانہ ہونے سے پہلے کہا کہ میں جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدا کی دعوت پر جاپان کی صدارت میں منعقد ہونے والی جی-7 سربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے کے لئے ہیرو شیما، جاپان کے لئے روانہ ہو رہا ہوں۔

ہند-جاپان سربراہ کانفرنس کے لئے اُن کے ہندوستانی دورے کے بعد وزیراعظم کشیدا سے ملاقات کرنا میرے لئے باعث مسرت ہوگا۔مسٹر مودی نے کہا کہ جی-7 سربراہ کانفرنس میں میری شرکت خاص طور پر معنی خیز ہے ، اس لئے کہ اس سال ہندوستان جی -20 کی صدارت کر رہا ہے ۔ میں جی -7 ممالک اور دیگر مدعو شراکت داروں کے ساتھ ان چیلنجوں پر، جن کا اس وقت دنیا کو سامنا ہے اور جن کا مل جُل کر ازالہ کرنے کی ضرورت ہے ، تبادلۂ خیال کرنے کا منتظر ہوں۔ ہیرو شیما میں منعقد ہونے والی جی-7 سربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے کچھ رہنماؤں کے ساتھ میری دو طرفہ ملاقات بھی رہے گی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ جاپان سے ، میں پورٹ موریسبی، پپوا نیو گنی کا سفر کروں گا۔ یہ پپوا نیو گنی کے لئے میرا پہلا دورہ ہونے کے علاوہ کسی بھی ہندوستانی وزیراعظم کی طرف سے کیا جانے والا اس ملک کا پہلا دورہ بھی ہوگا۔ میں، پپوا نیو گنی کے وزیراعظم عزت مآب جناب جیمس مراپے کی شراکت داری میں ، ہند-بحرالکاہل جزائر تعاون (ایف آئی پی آئی سی تیسری سربراہ کانفرنس) کے لئے اس فورم کی تیسری سربراہ کانفرنس کی 22 مئی 2023 کو میزبانی کروں گا۔ میں بحرالکاہل جزیرے کے 14ممالک (پی آئی سی) کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس اہم سربراہ کانفرنس میں شرکت کے دعوت نامے کو قبول کیا۔ ایف آئی پی آئی سی کا آغاز سال 2014 میں میرے فیجی کے دورے کے دوران کیا گیا تھا اور میں پی آئی سی رہنماؤں کے ساتھ ایسے امور پر تبادلۂ خیال کرنے کا منتظر ہوں، جو ہمیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتے ہیں اور جن میں آب و ہوا کی تبدیلی اور پائیدار ترقی، صلاحیت سازی اور تربیت ، صحت اور بہبود ، بنیادی ڈھانچہ اور اقتصادی ترقی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی پی آئی سی کی مصروفیات کے علاوہ ، میں پپوا نیو گنی کے گورنر جنرل سر بوب ڈاڈے ، وزیراعظم مراپے اور اس (بقیہ صفحہ 2پر۔۔۔)
سربراہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے پی آئی سی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقات اور تبادلہ خیال کا خواہشمند ہوں۔ وزیراعظم نے بتایا کہ اس کے بعد میں سڈنی ، آسٹریلیا کا ، وہاں کے وزیراعظم البنیز کی دعوت پر دورہ کروں گا۔ میں دونوں فریقوں کے درمیان دو طرفہ ملاقات کا منتظر ہوں، جو کہ ہمارے دو طرفہ رشتوں کی صورتحال اور اس سال مارچ میں نئی دہلی میں منعقد ہونے والی ہند- آسٹریلیا پہلی سالانہ سربراہ کانفرنس پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لئے ایک موقع فراہم کرے گی۔ میں آسٹریلیا ئی کمپنیوں کے سی ای اوز اور کاروباری رہنماؤں سے ملاقات کروں گا اور ایک خصوصی تقریب کے دوران سڈنی میں سکونت پذیر ہندوستانی برادری کے افراد سے ملاقات کروں گا۔