نئی دہلی۔ (یو این آئی) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر راجر بنی اور نائب صدر راجیو شکلا ایشیا کپ کی میزبانی کے موقع پر پی سی بی کے مہمانوں کے طور پر پاکستان جائیں گے ۔ای ایس پی این کرک انفو کی ہفتہ کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین ذکاء اشرف نے 15 اگست کو بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام کو دعوت نامہ بھیجا تھا۔ بی سی سی آئی سمیت شرکت کرنے والی ٹیموں کے بورڈ کے تمام اعلیٰ ارکان نے اپنی موجودگی کی تصدیق کر دی ہے ۔دو ستمبر کو سری لنکا کے پالے کیلے اسٹیڈیم میں ہندوستان اور پاکستان کے میچ کے ایک یا دو دن بعد، بنی اور راجیو شکلا واہگہ بارڈر کے راستے لاہور جائیں گے ، جہاں وہ ایک عشائیہ میں شرکت کریں گے ۔غورطلب ہے کہ گزشتہ چند مہینوں میں، دونوں بورڈز کئی معاملات پربرہم رہے ہیں، حالانکہ پی سی بی نے حال ہی میں اپنی ٹیم کو ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ہندوستان آنے کی اجازت دے کر تناؤ کو کم کرنے کی جانب قدم بڑھایا تھا۔اطلاعات کے مطابق اس دورے کے موقع پر متعلقہ بورڈ کے سربراہان کے درمیان کوئی باضابطہ میٹنگ نہیں ہونے جا رہی ہے ۔ بنی اور شکلا کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران 3 یا 5 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں ایک میچ دیکھنے کا بھی امکان ہے ۔قابل ذکر ہے کہ بی سی سی آئی نے سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر پاکستان جانے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے پی سی بی کو ایشیا کپ کے 13 میں سے صرف چار میچوں کی میزبانی دی گئی ۔ کئی مہینوں کی کشمکش کے بعد، بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ کی سربراہی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ہائبرڈ ماڈل میں ٹورنامنٹ کو منعقد کرنے پر اتفاق کیا تھا، جس کے تحت ہندوستان اپنے ایشیا کپ کے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے گا۔ہندوستان ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز 2 ستمبر کو پاکستان کے خلاف کرے گا۔ اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچتی ہیں تو اس ٹورنامنٹ کے دوران وہ تین بار آمنے سامنے ہو سکتی ہیں۔
ہندوستان نے 14 تمغوں کے ساتھ عالمی چمپئن شپ کو الوداع کہا
باکو۔ (یو این آئی) ہندوستان نے شوٹنگ ورلڈ چمپئن شپ 2023 میں چھ طلائی اور آٹھ کانسے سمیت 14 تمغے جیت کر اپنی شاندار مہم کا اختتام کیا۔اولمپک اور غیر اولمپک باقاعدہ شوٹنگ ایونٹس جمعہ کو اختتام پذیر ہوئے ۔ چیمپئن شپ میں رننگ ایونٹس 31 اگست تک جاری رہیں گے لیکن ان میں کوئی ہندوستانی حصہ نہیں لے گا۔ہندوستانی شوٹنگ ٹیم اس وقت مجموعی تمغوں کی تعداد میں چین (15 طلائی، سات چاندی، چھ کانسہ) کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ امریکہ پانچ طلائی، دو چاندی اور ایک کانسے سمیت آٹھ تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔چیمپیئن شپ کے دوران چار ہندوستانی نشانے بازوں نے پیرس اولمپکس 2024 کے لیے بھی کوالیفائی کیا۔ راجیشوری کماری (ویمنز ٹریپ)، سفت کور سمرا (خواتین کی 50 میٹر رائفل 3 پوزیشنز)، اکھل شیوران (مردوں کی 50 میٹر رائفل 3 پوزیشنز) اور میہولی گھوش (خواتین کی 10 میٹر ایئر رائفل) نے اپنے اپنے مقابلوں میں اولمپک کوٹہ حاصل کیا۔ تیانا، ساکشی سوریہ ونشی اور کرندیپ کور کی 50 میٹر پسٹل خواتین کی ٹیم نے جمعہ کو سونے کے تمغے کے ساتھ ہندوستان کی مہم ختم کی۔امن پریت سنگھ نے مردوں کے 25 میٹر اسٹینڈرڈ پسٹل میں طلائی تمغہ جیتا، جبکہ شیو نروال اور ایشا سنگھ نے مکسڈ 10 میٹر ایئر پسٹل ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔ریدم سانگوان، ایشا سنگھ اور منو بھاکر کی ہندوستانی خواتین کی تکڑی نے خواتین کے 25 میٹر اسٹینڈرڈ پسٹل ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتا۔ ایشوریہ پرتاپ سنگھ تومر، نیرج کمار اور اکھل شیوران نے مردوں کے 50 میٹر رائفل تھری ٹیم ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا، جب کہ میہولی گھوش تلوتما سین اور رمیتا نے خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتا۔
المزيد من القصص
مود ی کے میعاد کار میں ملک میں کھیل سرگرمیوں کو نئی رفتار ملی:یوگی
پاکستان بڑے اسٹیج پر ایک بار پھر ناکام
کولمبو میں سراج کا ‘راج، ہندوستان آٹھویں بار ایشیا کپ چیمپئن