Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

ایک دن بے وقوف بنانا ہے تو ’اپریل فول‘ اور 5 سال بنانا ہے تو ’کمل کا پھول‘

نئی دہلی ۔ کانگریس لیڈر اور پنجاب حکومت میں وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے ایک بار پھر طنزیہ انداز میں بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعہ سدھو نے براہ راست مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے اور گزشتہ پانچ سال میں کوئی مثبت کام نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ دراصل سدھو نے اس بار سمپت سرل کے ایک ویڈیو کو اپنے ہتھیار کی شکل میں استعمال کیا ہے اور مودی حکومت کی ناکامیوں کو اُجاگر کیا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ سدھو نے لکھا ہے کہ ’’کوئی گھوٹالے باز جیل گیا نہیں، کسی کے پاس کالا دھن ملا نہیں، گنگا صاف ہوئی نہیں، سرحد پر شہادتیں گھٹی نہیں، تو یہ مودی حکومت صرف موبائل نمبر کو آدھار کارڈ سے لنک کرانے کے لیے بنائی تھی کیا؟‘‘
سدھو نے اپنے ٹوئٹ کے آخری لائن میں مزاحیہ انداز میں بہت خوبصورتی کے ساتھ یہ لکھا ہے کہ ’’ایک دن بے وقوف بنانے کے لیے اپریل فول اور پانچ سال بے وقوف بنانے کے لیے کمل کا پھول!‘‘ ویسے سدھو نے سمپت سرل کا جو ویڈیو اپنے ٹوئٹ کے ساتھ جوڑا ہے وہ بہت دلچسپ ہے۔ اس میں سمپت کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ ’’ایسے دور میں مزاح نہیں لکھا جائے تو کیا کیا جائے کہ آر بی آئی کے گورنر ہسٹری سے ایم اے ہیں، وزیر مالیات وکیل صاحب چلا رہے ہیں، اور وزیر اعظم کی ڈگریاں پریس کانفرنس کر کے دکھائی جا رہی ہیں۔ اسی سے آپ سمجھ جائیے کہ ہندوستان پھر سے وشو گرو بننے والا ہے۔ تقریباً آؤٹر پر کھڑا ہے۔ اور ویسے بھی اس ملک کو وشو گرو ہونے سے کون روک سکتا ہے جس کی جیلوں میں بھی سنت مہاتما رہتے ہوں۔‘‘ اس ویڈیو میں سمپت مزاحیہ انداز میں کئی بنیادی ایشوز کو بھی سامعین کے سامنے رکھتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’جمہوریت پیندے سے لگ رہی ہے اور مورتیاں آسمان چھو رہی ہیں۔ مجھے بھی …(باقی صفحہ2پر)
کئی لوگوں نے کہا کہ تھوڑے بہت ان دنوں آپ بھی پاپولر ہیں، کسی چوراہے پر آپ کی بھی مورتی کھڑے کر دیں، ایک لاکھ کا خرچہ ہے۔ میں نے کہا تو پچاس ہزار دے میں خود ہی کھڑا ہو جاؤں گا۔ یہ بات میری سمجھ میں نہیں آئی کہ نہرو کا قد چھوٹا کرنے سے پٹیل کیسے بڑے ہو جائیں گے؟‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’جس سردار سروور کےساحل پر دنیا کی سب سے اونچی مورتی لگائی گئی سردار پٹیل کی، اس سردار سروور پروجیکٹ کا سنگ بنیاد پنڈت نہرو نے ہی رکھا تھا۔‘‘
سمپت اس ویڈیو میں یہ بھی کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ ’’ساڑھے چار سال سے کیسٹ بج رہا ہے کہ پٹرول-ڈیزل ہمارے بس میں نہیں ہے۔ روپیہ بین الاقوامی وجوہات سے گر رہا ہے، مہنگائی، بے روزگاری، بدعنوانی کے لیے کانگریس ذمہ دار ہے۔ باقی سارے مسائل نہرو چھوڑ گئے، پھر بھی کوئی دقت ہے تو پاکستان چلے جاؤ۔‘‘ ظاہر ہے وہ پورے ویڈیو میں مودی حکومت کو طنزیہ انداز میں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ویڈیو کے آخر میں وہ یہ بھی کہہ جاتے ہیں کہ ’’عظیم ہستیوں کے قد چھوٹے کیے جا رہے ہیں اور متھکوں پر لڑا جا رہا ہے۔ گائے پوری دنیا میں دودھ دیتی ہے اور ہندوستان میں ووٹ دیتی ہے۔ ‘‘