Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

ایرانی خاتون باکسر کا وطن واپس جانے سے انکار

پیرس۔ (یو این آئی ) فرانس میں باکسنگ کے مقابلے میں شرکت کرنے والی ایرانی خاتون باکسر نے وطن واپس جانے سے انکار کرتے ہوئے دعو ی ٰ کیا ہے کہ ایران میں کہ ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دئیے گئے ہیں۔ تفصیلات سے مطابق صدف خادم نے فرانسیسی باکسر اینی چاؤن کو مقابلے میں شکست دی تھی ۔

کھیلوں سے متعلق ایک اخبار نے صدف کے حوالے سے لکھا کہ ان کا خیال ہے کہ انھوں نے ایران میں خواتین کے لباس کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے ۔ایرانی حکام نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم باکسنگ فیڈریشن کے سربراہ کی جانب سے اس امکان کو مسترد کیا گیا کہ صدف کی گھر واپسی پر انھیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ایرانی میڈیا نے باکسنگ تنظیم کے سربراہ حسین سوری کے حوالے سے لکھا کہ ان کے مطابق صدف ایران کی باکسنگ تنظیم کی رکن نہیں اور اس کی وجہ سے باکسنگ فیڈریشن کی نظر میں ان کے اقدامات ذاتی ہیں۔مغربی فرانس کے دیہی علاقے رویان میں کھیلے جانے والے میچ میں صدف نے ایرانی جھنڈے میں موجود رنگوں کے کپڑے پہن رکھے تھے ۔ انھوں نے سبز شرٹ، سرخ شارٹس اور کمر کے گرد سفید پٹی باندھ رکھی تھی۔فرانسیسی اخبار کو انٹرویو میں صدف نے کہا کہ میں ایک ایسا میچ کھیل رہی تھی جس کی قانونی طور پر اجازت دی گئی تھی لیکن میں نے ٹی شرٹ اور شارٹس پہن رکھی تھی جو پوری دنیا کی نظر میں تو ایک عام سی بات ہے لیکن میرے ملک کے قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں نے حجاب نہیں پہنا تھا اور میرا نگران کوچ ایک مرد تھا اس کی وجہ سے میں کچھ لوگوں کی نظر میں ناپسندیدہ ہوں۔پیرس میں ایرانی سفارت خانے کے ترجمان نے بتایا کہ وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے کہ صدف کو واپس لوٹنے پر گرفتار کر لیا جائے گا اور نہ ہی وہ ان کے ایران واپس نہ جانے کے فیصلے پر کچھ کہہ سکتے ہیں۔