Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

الہدیٰ ماڈل کالج ، تروینی نگر میں یوم اساتذہ تقریب

لکھنؤ۔ اساتذہ کا کام نئی نسل کی تعمیر وترقی ، معاشرے کی فلاح وبہبود ، جذبہ انسانیت کی نشوونما اور طلباء کی تربیت سازی کرنا ہے۔ تاریخ گواہ ہے ہر اس قوم کو عروج وترقی نصیب ہوئی جس قوم نے اپنے اساتذہ کی قدرو منزلت کی اور اس قوم کو زوال نصیب ہوا جس نے اپنے اساتذہ کی قدرومنزلت کرنا چھوڑدیا۔ زمانہ قدیم سے ہی استاد کو عزت واحترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔قابل مبارک باد ہیںاس اسکول کے سارے اساتذہ جو نہایت ہی محنت سے ا پنے فرائض کوبحسن وخوبی انجام دے رہے ہیں۔


ان خیالات کا اظہار الہدیٰ ماڈل کالج، تروینی نگر، لکھنؤ میں’ یوم اساتذہ ‘کے موقع پر منعقد تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے کالج کے صدر ڈاکٹر محمد اسلم صدیقی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہی سماج کے معمار ہوتے ہیں اور آنے والی نسل کو صحیح سمت بتاتے ہیں قوم کے یہ معمار محنت کرکے پتھر کو ہیرے میں تبدیل کرتے ہیںاور ان کے تراشے ہوئے ہیرے مختلف میدانوں میں ان کا نام روشن کرتے ہیں۔ مہذب، پرامن اور باشعور معاشرے کی تشکیل ایک اساتد کی مرہون منت ہے۔ استاد دراصل قوم کے محافظ ہیں کیونکہ آئندہ نسلوںکو سنوارنا اور ان کو ملک کی خدمت کے لئے قابل بنانا انہیں کے سپرد ہے۔
اس لئے ہمیں ہر موقع پر اپنے اساتذہ کی خدمات کا اعتراف کرتے رہنا چاہئے، ہمارے اساتذہ صرف اور صرف اپنا احترام چاہتے ہیں جو ہمارا اخلاقی فریضہ بھی ہے۔ انہوں نے پروگرام میںموجو د بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کا انعقاد ہوتے رہنا چاہئے جس سے بچوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور ان کو آگے بڑھنے کا موقع بھی ملے گا۔اس سے قبل اسکول کے بچوں نے مختلف پروگرام پیش کئے جسے کمیٹی کے ممبران نے کافی پسند کیا اوربچوںکی کافی تعریف بھی کی۔اس موقع پر کالج کی پرنسپل مسز افشاں جاوید خان نے کہا کی قوموں کی ترقی میںاساتذہ کا رول اہمیت کا حامل ہے۔ ابتدائی آفرینش میں اساتذہ کو مرکزی مقام حاصل ہے۔ اساتذہ کو زیر تعلیم بچوں کو ان کی زندگی کی ترقی کے لئے منصوبوں کی معلومات فراہم کرانی چاہئے، ذہین بچوں کی وجہ سے سرپرستوں کے ساتھ ساتھ انہیں پڑھانے والے اساتذہ کو سماج میں باوقار درجہ حاصل ہوتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یوم اساتذہ پر والدین اور اساتذہ مل کر یہ عہد کریں کہ بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیم دینے میں وہ اپنا بھرپور تعاون دیں گے۔ پروگرام میں الہدیٰ مجلس منتظمہ کے تمام معزز ممبران میں ڈاکٹر محمد اسلم صدیقی، شعیب احسن عثمانی ایڈوکیٹ، امیر خالد خان، ڈاکٹر شکیل احمد ، عبدالمعیدکے علاوہ تمام معلم، معلمات اور غیر تدریسی اسٹاف بھی موجود تھا۔آخر میں انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ یہ اطلاع اسکول کی پرنسپل مسز افشاں جاوید خان نے دی ہے۔