Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

یوم اساتذہ پر ایجوکیشن اویئرنیس کمیٹی و ایم یو ایس نے اساتذہ کو اعزاز سے سرفراز کیا

لکھنؤ۔ایجوکیشن اویئرنیس کمیٹی و ایم یو ایس کی جانب سے یوم اساتذہ کے موقع پر ایک اعزازی تقریب کا اہتمام شیروانی نگر میں باب العلم سیدہ زینب آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت ای اے سی کے سرپرست و آگرہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر منظور احمد نے کی ، جب کہ نظامت کے فرائض ای اے سی کے بانی ڈاکٹر مسیح الدین خان نے انجام دیئے۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے انٹیگرل یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر عقیل احمد نے شرکت کی اور مہمان اعزازی کے کی حیثیت سے فخرالدین علی احمد میموریل کمیٹی کے سابق چیئر مین پروفیسر عارف ایوبی نے شرکت کی ۔

پروگرام کا آغاز ڈاکٹر محمد ادریس کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد نظامت کرتے ہوئے ایجوکیشن اویئرنیس کمیٹی کے بانی ڈاکٹر مسیح الدین خان نے تعلیم کی اہمیت کو بتایااور تعلیم میں بیداری پر زور دیا۔ اور اس کمیٹی کے اغراض و مقاصد کو بتایا۔پروگرام کے شروع میں کمیٹی کے ایڈوائزر عبدالباسط رحمانی ورکن عاطف مسیح نے مہمانوں کو گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمانوں کے بدست ایوارڈ یافتگان کو اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صدر جلسہ و سرپرست پروفیسر منظور احمد نے کہا کہ طالبعلمی کے بعد ابتدائی مراحل میں میں نے اپنی نوکری ایک ٹیچر کی حیثیت سے شروع کی ۔بعد میں سارے منازل طے کرتے ہوئے میں نے پولیس محکمے کی سروس بھی کی اس کے بعد دو یونیورسٹیوں کا وائس چانسلر بھی ہوا۔
لیکن سب سے زیادہ عزت اسی پیشے میں ملی۔ انہوں نے ’’یوم اساتذہ ‘‘ کے اس پروگرام میں سبھی ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ لوگوں کی ذمہ داری اور بڑھ گئی ہے۔اور آپ لوگوں کے سامنے آنے والی نسلیں ہیں جنہیں تعلیم یافتہ اور مہذب بنانا ہے۔
ایوارڈ یافتگان میں ڈاکٹرنیرج شکلا، ڈاکٹر عطاالرحمن ، ڈاکٹر محمد ادریس،ڈاکٹر ڈوالنورین، ڈاکٹر سیما صدیقی، ڈاکٹر محمد راشد اور ساجدہ خاتون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج ہمیں بہت خوشی ہورہی ہے کہ ایجوکیشن اویئرنیس کمیں نے اعزاز سے سرفراز کیا۔ ہم اس کمیٹی کے مشکور ہیں۔ پروگرام میں ایم یو ایس کی جنرل سکریٹری این نشا اورو سینئر صحافی انجمن اصلاح المسلین کے سینئر رکن عظمت اللہ خان ،نمایاں صحافی محمد راشد خان ندوی و ہمایوں چودھری و ڈاکٹر فیض الدین نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس اعزازی تقریب میں مختلف یونیورسٹیز، کالجز اور پرائیمری اسکولز کے اساتذہ شریک ہوئے۔ اور ان کو ان کی مجموعی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔ جس میں خواجہ معین الدین چشتی لسانی یونیورسٹی شعبہ کامرس کے سینئر اسسٹنٹ پروفیسر نیرج شکلا کو ’’پروفیسر آر کے ترپاٹھی نیشنل کامرس ایوارڈ‘‘ ۔ لسانی یونیورسٹی شعبہ اردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد اکمل کو ’’ مسعود حسن رضوی ادیب نیشنل اردو ایوارڈ‘‘ ۔ لسانی یونیورسٹی شعبہ بزنس ایڈ منسٹریشن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمن کو ’’مولانا ابوالکلام آزاد نیشنل ایوارڈ‘‘ ۔ لکھنؤ یونیورسٹی سے شعبہ عربی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس کو ’’مولانا علی میاں نیشنل عربک ایوارڈ‘‘۔ ممتاز ڈگری کالج سے شعبہ فارسی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ذوالنورین حیدر علوی کو ’’سعدی شیرازی پرشین نیشنل ایوارڈ‘‘۔ کرامت حسین مسلم گرلس پی جی کالج شعبہ سماجیات کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ہاجرہ مسعود کو ’’ ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن ایجوکیٹر ایوارڈ‘‘۔ کستوربا کنّیاانٹر کالج کی ٹیچر ڈاکٹر سیما صدیقی کو ’’ فراق گورکھپوری نیشنل ایوارڈ‘‘ ۔ اور بیسک شکشا پریشد بارہ بنکی سے ڈاکٹر محمد راشد کو ’’اے پی جے عبدالکلام نیشنل ایوارڈ‘‘ ۔ ممتاز ایجوکیشنسٹ ساجدہ خاتون کو ’’رابنیدناتھ ٹیگور نیشنل ایوارڈ‘‘سے سرفراز کیا گیا۔پروگرام کےآخر میں عبدالباسط رحمانی نے تمام حضرات کا شکریہ ادا کیا اور ڈاکٹر مسیح الدین خان نے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔