کار میں ملی تھی خون سے لت پت لاش
لکھنؤ۔ (نامہ نگار)بنتھرا میں گزشتہ رات کیب ڈرائیور اجیت اوستھی کی بدمعاشوں نے گلا کاٹ کر قتل کردیا۔
لاش بنی موہان روڈ واقع نریلا گائوں کے پاس کار میں خون سے لت پت ملی ۔ منگل کی صبح گائوں والوں نے کار میں لاش دیکھ ر پولیس کو اطلاع دی۔ کار میں ملے اجیت کے ڈرائیونگ لائسنس کی بنیاد پر لاش کی شناخت کرکے گھر والوں کو اطلاع دی۔ بنیادی طور سے کانپور کے دولت پور رہائشی اجیت یہاں قریب سترہ سال سے کاکوری کے بیگریا میں کنبہ کے ساتھ رہتے تھے۔ اجیت کے رشتہ دار رام چندر تواری کے مطابق اجیت نے کچھ ماہ قبل ایک کار خریدی تھی جسے انہوں نے اوبر میں لگایا تھا۔ دوشنبہ کو وہ گھر سے کار لیکر نکلے تھے۔ رات قریب سوا آٹھ بجے انہوں نے بیوی اوشا کو فون کرکے بتایا کہ وہ کچھ سواری لیکر انائو جا رہے ہیں۔ واپسی تاخیر سے ہوگی۔بیوی اوشا نے بتایا کہ شوہر نے اُن سے کہا تھا کہ بیٹے راہل کو کھانہ کھلاکر وہ خود بھی کھا لے اور سو جائے۔ دیر رات وہ لوٹیں اور آکر فون کریں گے۔ اسکے بعد اوشا سو گئی تھی۔منگل کی صبح سو کر اٹھنے پر اُس نے دیکھا تو اجیت واپس نہیں آئے تھے۔ کئی بار فون ملانے پر اجیت کا فون رسیو نہیں ہوا۔ اس سے وہ پریشان ہو گئی۔پولیس کو کار سے اجیت کا موبائل فون بھی ملا ہے۔ پولیس نے اُس فون سے اوشا کو فون کرکے قتل کی اطلاع دی تھی۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی کنبہ میں کہرام مچ گیا۔ اوشا اپنے واقف کاروں کے ساتھ بنتھرا تھانہ پہونچی اور لاش کی شناخت کی۔ اجیت کے گھر والوں نے کسی پر کوئی الزام نہیں لگایا ہے۔ کار سے اجیت کے پاس موجود روپے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کہیں اور کیا گیاہے اور لاش کو ار سمیت یہاں لایا گیا ہے۔ کار سے چاقو بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس نے نامعلوم لوگوں کے خلاف رپورٹ درج کرکے تفتیش کررہی ہے۔
المزيد من القصص
دہلی پولیس قابل اعتماد نہیں:سپریہ