Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

کتاب ’اجے ٹو یوگی آدتیہ ناتھ‘ صرف ایک کتاب نہیں بلکہ تحریک : جتن پرساد

وزیرتعمیرات عامہ نے وزیر اعلیٰ کی زندگی پر مبنی گرافک ناول’’اجے ٹو یوگی آدتیہ ناتھ‘‘ کا اجرا کیا

لکھنؤ۔اتر پردیش کے وزیر تعمیرات عامہ جتن پرساد نے جے پوریہ اسکول میں منعقدہ ایک پروگرام میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی 51 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی زندگی پر مبنی ایک گرافک ناول’ ’اجے ٹو یوگی آدتیہ ناتھ‘‘کا اجرا کیا۔ وزیرتعمیرات عامہ نے کتاب’’اجے ٹو یوگی آدتیہ ناتھ‘‘کے مصنف جناب شانتنو گپتا اور ان کی پوری ٹیم کو ان کے کام کے لیے مبارکباد پیش کی۔

وزیر تعمیرات عامہ نے اس موقع پر ریاست کےوزیر اعلیٰ کی 51ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی پر مبنی کتاب’’اجے ٹو یوگی آدتیہ ناتھ‘‘صرف ایک کتاب نہیں ہے بلکہ لوگوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مختلف مسائل کا سامنا کرتے ہوئے مسلسل عوامی مفادات کے لیے کام کیا ہے۔ ان کی قیادت میں ریاست نے ترقی کی نئی جہتیں طے کی ہیں اور تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں پوری ریاست میں تبدیلی آئی ہے۔ ریاست کی بنیادی سہولیات میں تیزی سے بہتری آرہی ہے۔
وزیرتعمیرات عامہ نے کہا کہ یہ ملک اور ریاست کی خوش قسمتی ہے کہ ملک کو وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور اتر پردیش کووزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت ملی ہے جس کی وجہ سے ترقی کی نئی جہتیں قائم ہو رہی ہیں۔ ایسی قیادت بہت کم دیکھنے کو ملتی ہے۔
معروف مصنف، شانتنو گپتا، جنہوں نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر دو بیسٹ سیلر ٹائٹل لکھےہیں نوجوان قارئین کے لیے اپنا نیا گرافک ناول ’’اجے ٹو یوگی آدتیہ ناتھ‘‘کا اجرا کیا۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے 51ویں یوم پیدائش پر آج (5 جون کو) اتر پردیش کے 51 اسکولوں میں گرافک ناول کا اجراکیا گیا۔
اس ریکارڈ لانچ میں، اتر پردیش کے مختلف اضلاع کے 51 اسکولوں کے 5000 سے زیادہ بچوں نے کتاب کی رونمائی کی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ ایک کتاب بیک وقت ایک سے زیادہ مقامات پر اتنے زیادہ شرکاء کے ساتھ لانچ کی گئی، اور وہ بھی بچوں کے لیے۔ کتاب کے مصنف شانتنو گپتا نے بتایا کہ’’اجے ٹو یوگی آدتیہ ناتھ‘‘ اجے سنگھ بشت کا سفر ہے، جو اتراکھنڈ کے ایک دور دراز گاؤں میں پیدا ہوا تھا۔ ان کے والد آنند سنگھ بشت ایک جونیئر فارسٹ افسرتھے اور والدہ ساوتری دیوی گھریلو خاتون تھیں۔ اجے کو بچپن سے ہی خاندانی گایوں کی دیکھ بھال، آزادی پسندوں کی کہانیاں سننے اور اسکول کے مباحثوں میں حصہ لینے کا شوق تھا۔ اس طرح زندیگی کا سفر طے کرتے ہوئے اجے گورکھ ناتھ مٹھ کے مہنت بن گئے، جو ہندوستان کی پارلیمنٹ کے سب سے کم عمر رکن اور ہندوستان کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ بھی مقرر ہوئے۔ مصنف نے مزید کہا کہ’’اجے ٹو یوگی آدتیہ ناتھ‘‘ہر طالب علم کے لیے محنت حوصلہ، عزم کی کہانی ہے جوقابل پیروی اور تحریک ہے۔اس موقع پر ایم ایل اے سروجنی نگرراجیشور سنگھ، وزیر اعلیٰ کے صلاحکار مرتیونجے کمار، اسکواڈرن لیڈر تلیکا رانی، کتاب کے مصنف شانتنو گپتا سمیت دیگر معززین موجود تھے۔