Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

چوتھا مرحلہ:72سٹیوں پر پولنگ آج

سریش پچوری ،سری پرکاش جیسوال، ساکشی مہاراج ، ڈمپل یادو،سلمان خورشید سمیت 961امیدوارکی قسمت داؤں پر

نئی دہلی (یو این آئی) َلوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں پیر کو ہونے والی پولنگ کے لئے سیکورٹی سمیت دیگر تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس مرحلہ میں کئی بڑے لیڈروں سمیت مجموعی طورپر 961امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہونا ہے۔جموں وکشمیر کی اننت ناگ سیٹ سمیت نو ریاستوں کی 72 سیٹوں اور اوڈیشہ اسمبلی کی 42سیٹوں کے لئے بھی اسی مرحلہ میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ سیکورٹی اسباب سے اننت ناگ سیٹ پر تین حصوں میں پولنگ ہورہی ہے۔ اس سیٹ کے لئے ایک حصہ میں تیسرے مرحلہ میں ووٹ ڈالیں جاچکے ہیں جبکہ چوتھے اور پانچویں مرحلہ میں دیگر دو حصوں میں پولنگ ہونی ہے۔تمام پولنگ مراکز پر سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں اور نیم فوجی دستوں اور ریاستی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ مشاہد اور دیگر حکام آزادانہ اور غیرجانبدارانہ انتخابات کرانے کے لئے تمام ضروری اقدام کررہے ہیں۔چوتھے مرحلہ میں ایک لاکھ 40ہزار 849پولنگ مراکز پر 12,79,58,477رائے دہندگان 961امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ مجموعی رائے دہندگا ن میں 6,73,22,777مرد اور 6,06,31,574خواتین اور 4,126ٹرانس جینڈر ہیں۔مرکزی وزیر گری راج سنگھ بہار کی بیگو سرائے سیٹ سے، گجیندر سنگھ شیخاوت راجستھان کی جودھپور سیٹ، پی پی چودھری راجستھان کی پالی سیٹ سے اور ایس ایس اہلووالیہ مغربی بنگال کی بردھمان۔درگا پور سیٹ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ٹکٹ پر اس مرحلہ میں اپنی قسمتآزما رہے ہیں۔بیگوسرائے میں طلبا سیاست سے قومی سیاست میں آئے کنہیا کمار ہندستانی کمیونسٹ پارٹی کے امیدوار کے طورپر مسٹر سنگھ کو ٹکر دے رہے ہیں۔ راشٹریہ جنتادل کے تنویر حسن کی موجودگی کی وجہ سے وہاں مقابلہ سہ طرفہ ہوگیا ہے۔ جودھپور میں مسٹر شیخاوت کا مقابلہ راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت کے بیٹے ویبھو گہلوت سے جو کانگریس کے امیدوار ہیں۔دیگر اہم امیدواروں میں راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے اپیندر کشواہا بہار کے اجیار پور سے، سماج وادی پارٹی کی ڈمپل یادو اترپردیش کے قنوج سے، راشٹریہ جنتاد ل کے عبدالباری صدیقی بہار کی دربھنگہ سیٹ سے، کانگریس کی ارملا ماتونڈکر شمالی ممبئی سے، سنجے نروپم شمال مغربی ممبئی سے اور پریہ دت شمال وسطی ممبئی سے اور بی جے پی کے بابل سپریو مغربی بنگال کے آسن سول سے، سوامی ساکشی مہاراج اترپردیش کے اناو سے اور دشینت کمار راجستھان کے جھالواڑ۔ بارن سے انتخابی میدان میں ہیں۔ مسٹر کمار راجستھان کی سابق وزیراعلی وسندھرا راجے سندھیا کے بیٹے ہیں۔

شمال وسطی ممبئی میں محترمہ دت کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی پونم مہاجن ٹکر دے رہی ہیں۔ ممبئی جنوبی سیٹ سے شیوسینا کے موجودہ رکن پارلیمان اروند گنپت ساونت اور کانگریس کے ملند دیوڑا اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔اس مرحلہ میں مہاراشٹر کی 17، راجستھان اور اترپردیش کی 13-13، اوڈیشہ اور مدھیہ پردیش کی چھ چھ، بہار کی پانچ اور جھارکھنڈ کی تین سیٹوں پر پولنگ ہونی ہے جبکہ اننت ناگ سیٹ کے تحت پلوامہ ضلع میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر کی تمام 48اور اڈیشہ کی تمام 21لوک سبھا سیٹوں پر پولنگ مکمل ہوجائے گی۔ راجستھان، مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ میں پیر کو پولنگ کا یہ پہلا مرحلہ ہوگا۔