Kaumikhabrein.com

ہندی خبریں، ہندی میں تازہ ترین خبریں بریکنگ نیوز اور تازہ ترین ہیڈ لائن

محبت کے پیغام کو سماج کے ہر طبقہ تک پھیلانے کی ضرورت :مولانااصغر علی

مختلف ملی و سماجی تنظیموں کی جانب سے گاندھی بھون میں امن و انصاف کانفرنس کا انعقاد

لکھنؤ۔انگریزوں کی ناپاک سیاست سے ایک عرصہ تک ہمارا ملک غلامی کی زنجیروں میں جکڑا رہا لیکن جب یہاں کی امن پسند عوام بیدار ہوئی اور انسانیت دوست گروہوں نے مل کر ملک کی آزادی کے لیے کوششیں تیز کیں تو کچھ عرصوں کی محنت کے بعد انگریزوں کو ملک چھوڑ کر بھاگنا پڑا۔ ملک کی آزادی میں سبھی مذاہب اور گروہوں کے افراد نے مل کر بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس سے ملک کی آزادی ممکن ہو سکی۔

آج ایک بار پھر نفرت کی زنجیروں میں ہمارا سماج جکڑا ہوا ہے۔ نفرت کا زہر سماج کے ہر طبقہ میں پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایسے حالات میں ملک کی مختلف ملی ، سماجی تنظیموں اور انسانیت پسند گروہوں نےمل کر امن و انصاف کی جو مہم چھیڑی ہے ، یہ وقت کی شدید ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار جمعیۃ اہل حدیث کے امیر مولانااصغر علی امام مہدی سلفی نے کیا۔ مختلف ملی و سماجی تنظیموں کی جانب سے گاندھی بھون میں منعقدہ امن و انصاف کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے کہا کہ نفرت کا جواب محبت کے پیغام سے ہی دیا جاسکتا ہے۔ اسی محبت کے پیغام کو سماج کے ہر طبقہ میں پھیلانے کے لیے آج یہ کانفرنس منعقد کی گئی ہے۔
جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کے خلاف اصل طاقت ہمارا اتحاد ہمارا عزم اور ہمارا حوصلہ ہے۔ نفرت کے خلاف جاری اس مہم کو مزید تقویت تبھی مل سکتی ہے جب محبت کے سبھی علمبردار متحد ہوکر ایک آواز کے ساتھ نفرت کے خاتمہ کے لیے کھڑے ہو جائیں۔ملک کے لوگوں کے درمیان آپس میں نفرت پھیلانے کی کوششیں کی جاری ہیں، یہی ان کا ایجنڈہ ہے۔ ہماری اور آپ کی ذمہ داری ہے کہ اس ملک کو یہاں کی تہذیب کو یہاں کے سماج کو اور ایک ایک فرد کو اس نفرت کی آگ سے بچائیں۔ انسانیت کا درد رکھنے والے ہر شہری کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم آگے بڑھیں اور اس ماحول کو بدلنے کی کوشش کریں۔ اہل ایمان دنیا کی کسی طاقت سے نہیں ڈرتا وہ سخت سے سخت حالات میں بھی مایوس نہیں ہوتا۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کے اندر ہمت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اس بات پر یقین کرنا چاہیے کہ ظالم اور اس کا ظلم ہمیشہ کمزور ہوتا ہے، تاریکی کے بعد ہمیشہ روشنی ہوتی ہے۔
سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ انصاف کے لیے کھڑا ہونا یہ ہماری صرف ایک ملکی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہماری دینی اور شرعی ذمہ داری ہے ۔ ہمیں ہر مظلوم کی لڑائی لڑنی ہے منی پور میں اگر کسی کے ساتھ ظلم ہوتا ہے تو اس پر بھی ہم آواز اٹھائیں گے، کسی دلت خاتون پر ظلم ہوتا ہے اس پر بھی ہم آواز بلند کریں گے، کسی آدی واسیکے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے تو ہمارا یہ دینی فریضہ ہے کہ ہم اس کی لڑائی لڑنے کے لیے بھی آگے آئیں اور کسی مسلمان پر ظلم ہوتا ہے تو ہم اس کو بھی اپنی لڑائی سمجھیں گے۔ اس جذبے کے ساتھ ہم آگے آئیں ۔ اس کے نتیجے میں اللہ کی مدد اور نصرت ہمارے شامل حال ہوگی۔
کانفرنس کے اختتام سے قبل امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند اتر پردیش مشرق ڈاکٹر ملک فیصل نے کانفرنس کی قرارداد پڑھ کر سنائی جس کی سبھی مقررین و شرکاء نے تائید کر کے منظوری دی۔
اس کے علاوہ کانفرنس سے مولانا محمد طاہر مدنی ڈائرکٹر جامعۃ الفلاح، ہریش چندر سبکدوش آئی اے ایس افسر، مولانا امین الحق اسامہ قاسمی ریاستی نائب صدر جمعیۃ علماء اترپردیش، ادے پرتاپ سبکدوش ڈی آئی جی، پرشانت ٹنڈن سینئر صحافی، مولانا جہانگیر عالم قاسمی، مولانا سید سیف عباس نقوی صدر مرکزی شیعہ چاند کمیٹی، مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نائب امیر امارت شرعیہ بہار، ملک معتصم خان، نائب امیر جماعت اسلامی ہند، ڈاکٹر یاسین علی عثمانینائب صدر آل انڈیا ملی کونسل، سندیپ پانڈے میگسیسے ایوارڈ یافتہ، مجتبیٰ فارق خان رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند وغیرہ نے بھی خطاب کیا۔